اسلام آباد: (دنیا نیوز) ایف آئی اے اسلام آباد زون کی کارروائیاں جاری، 3 ماہ کے دوران راولپنڈی ریجن میں اربوں روپے مالیت کی کمرشل پراپرٹی واگزار کرا لی گئی۔
چھاپہ مار ٹیموں میں اسسٹنٹ ڈائریکٹر وسیم عباس، اسسٹنٹ ڈائریکٹر چوہدری کوثر اور اے ایس آئی مظہر شاہ شامل ہیں، سپریم کورٹ از خود نوٹس کے احکامات کی روشنی میں ایف آئی اے اینٹی کرپشن سرکل اسلام آباد نے کارروائیاں کیں۔
واگزار کرائی گئی پراپرٹی مجموعی طور پر 112 ایکڑ 9 کنال اور 14 مرلہ پر مشتمل ہے، واگزار کرائی گئی پراپرٹی کی مالیت 6 ارب 40 کروڑ 2 لاکھ 90 ہزار سے زائد ہے، کارروائیاں اٹک، فتح جھنگ اور راولپنڈی کے مختلف مقامات پر عمل میں لائی گئیں۔
راولپنڈی ریجن سے 15 ایکڑ 3 کنال اور 2 مرلہ کی جائیدادیں واگزار کرائی گئیں، جن کی مالیت 5 ارب 45 کروڑ 9 لاکھ ہے جبکہ حسن ابدال سے 97 ایکڑ 6 کنال اور 12 مرلہ کی جائیداد واپس لی گئی ہے جس کی مالیت 589.390 ملین ہے۔
کارروائیوں میں ضلعی انتظامیہ اور مقامی پولیس سے بھی معاونت لی گئی، واگزار کرائی گئی پراپرٹی متروکہ وقف املاک حکام کے حوالے کر دی گئی، ایف آئی اے کی جانب سے ناجائز قابضین کے خلاف بلا امتیاز کارروائیاں جاری رکھنے کے عزم کا اظہار کیا گیا ہے۔