فیروزوالا: (دنیا نیوز) قانون کے رکھوالے خود ہی قانون سے کھلواڑ کرنے لگے، زخمی شخص کے علاج سے منع کرنے پر سب انسپکٹر نے لیڈی ڈاکٹر کو تھپڑ مار دیا۔
تفصیلات کے مطابق فیروز والا کے تھانہ فیکٹری ایریا میں نامعلوم افراد نے ایک شخص کو گولی مار کر زخمی کر دیا جس کا علاج کروانے سب انسپکٹر طاہر اسے نجی ہسپتال لے گیا، ہسپتال کے عملے نے پولیس کیس بول کر علاج کرنے سے منع کر دیا۔
ہسپتال کے عملے کی طرف سے منع کرنے پر چھوٹا تھانیدار آپے سے باہر ہو گیا اور ڈیوٹی پر موجود لیڈی ڈاکٹر کو تھپڑ رسید کر دیا، سب انسپکٹر طاہر تھپڑ پر ہی راضی نہ ہوا بلکہ اس نے اپنے دیگر دس ساتھیوں کے ساتھ مل کر عملے کو بھی تشدد کا نشانہ بنایا۔
ہسپتال انتظامیہ کا کہنا ہے کہ سب انسپکٹر طاہر زخمی شخص کی ٹانگ سے گولی نکلوانے آیا تھا، پولیس کیس تھا جس کا سرکاری ہسپتال میں علاج ہونا تھا، ملوث افراد کیخلاف کارروائی کیلئے درخواست دے دی مگر ایس ایچ او نے مقدمہ درج کرنے سے انکار کر دیا۔