کراچی: (دنیا نیوز) کورنگی بلال کالونی میں گھر کے اندر میاں بیوی کے اندھے قتل کا معمہ حل ہو گیا، کورنگی صنعتی ایریا تفتیشی پولیس نے خفیہ اطلاع پر سپاری کلر کو گرفتار کر لیا۔
پولیس کے مطابق مقتول مثل خان اور اس کی بیوی کرن بی بی کو سالے نے سپاری دے کر قتل کرایا، مقتول کے سالے رحمن کا ملزم سے سوشل میڈیا کے ذریعے رابطہ ہوا، قاتل ملزم سعودیہ میں کام کرتا تھا، گرفتار ملزم کو مقتولہ کے بھائی رحمان نے فیس بک میسنجر کے ذریعے بہن اور بہنوئی کو قتل کرنے کی سپاری دی۔
ملزمان اور مقتولین کا تعلق شب قدر پشاور سے ہے، مقتول نے 14 سال قبل ملزم کی بڑی بہن کو طلاق دے کر سالی سے شادی کر لی تھی اور شادی کے بعد دونوں میاں بیوی کراچی میں روپوشی کی زندگی گزار رہے تھے، گرفتار ملزم 12 لاکھ روپے لے کر قتل کرنے پر آمادہ ہوا۔
پولیس کے مطابق گرفتار ملزم سعودیہ سے کراچی آیا، کورنگی بلال کالونی میں رہائش اختیار کی اور مقتولین کی ریکی شروع کر دی، ملزم نے ساتھی کے ہمراہ موقع ملتے ہی صبح سویرے گھر میں داخل ہو کر فائرنگ کی اور فرار ہو گئے۔
تفتیشی پولیس کے مطابق گرفتار ملزم دیدار گل سے اسلحہ اور دیگر سامان برآمد ہوا، ملزم کا ایک ساتھی پشاور سے کراچی اسلحہ لے کر آیا تھا، مقتول کا برادر نسبتی رحمان اور پشاور سے اسلحہ لانے والا ملزم شاہ زیب تاحال فرار ہیں۔