جامشورو: (دنیا نیوز) مہران یونیورسٹی آف انجینئرنگ اینڈ ٹیکنالوجی جامشورو میں طالبات کو ہراساں کرنے پر آئی شعبہ کے اسسٹنٹ ابراہیم لاشاری کو معطل کر دیا گیا۔
طالبات کی تحریری شکایت پر آئی ٹی شعبہ کے اسسٹنٹ ابراہیم لاشاری کو معطل کیا گیا، اینٹی ہراسمنٹ کمیٹی کی سفارش پر سینڈیکٹ چیئرمین کے حکم پر رجسٹرار لکشمن داس نے نوٹیفکیشن جاری کردیا، سینئر آئی ٹی اسسٹنٹ پر طالبات کو دوستی رکھنے سمیت دیگر سنگین الزامات عائد کئے گئے ہیں۔
طالبات کی تحریری شکایت پر وائس چانسلر پروفیسر ڈاکٹر طحٰہ حسین نے چیئرمین پروفیسر ڈاکٹر مختیار انڑ، ارشد میمن اور ڈاکٹر عظمیٰ پر مشتمل تین رکنی اینٹی ہراسمنٹ کمیٹی تشکیل دے دی، اینٹی ہراسمنٹ کمیٹی نے معاملہ کی تحقیقات شروع کردی، طالبات نے مذکورہ اسسٹنٹ کے خلاف تحریری شکایت کی تھی جس پر پہلے مرحلے میں اسے معطل کرنے کی سفارش کی گئی۔
ڈاکٹر ارشد میمن نے بتایا تحقیقات میں شکایت کنندہ کے بیانات قلمبند کئے جارہے ہیں اور ثبوت جمع کئے گئے ہیں جس کی روشنی میں کمیٹی فائنل رپورٹ پیش کرے گی، معطل اسسٹنٹ کا بیان بھی قلمبند کیا جائے گا، تحقیقات مکمل ہونے پر رپورٹ وائس چانسلر کو پیش کی جائے گی۔