سکھر: (دنیا نیوز) ایس ایس پی سکھر عرفان علی سموں کی نگرانی میں کچے میں جاری آپریشن میں اہم کامیابی حاصل ہوئی ہے، پولیس آپریشن کے دوسرے روز شہید جان محمد مہر کے قاتلوں کے اہم سہولت کار سمیت مزید 3 ملزمان گرفتار ہو گئے۔
ایس ایس پی سکھر عرفان علی سموں جاری آپریشن کو خود لیڈ کر رہے ہیں اور مکمل نگرانی کر رہے ہیں، شہید جان محمد مہر کے قاتلوں کے قریب پہنچ چکے ہیں۔
واضح رہے کہ شہید جان محمد مہر کے قاتلوں کی گرفتاری کے لیے کچے میں دوسرے روز بھی آپریشن جاری ہے، کچے سے شہر کی اطراف آنے جانے والے تمام راستوں، دریا کے ذریعے چلنے والی کشتیوں کو آمد و رفت کے لیے مکمل بند کر دیا گیا ہے۔
ڈرون کیمروں کے ذریعے ملزمان کے ٹھکانوں کی نشاندہی کی جا رہی ہے، شہید جان محمد کے قاتلوں کی گرفتاری کے لیے سکیورٹی فورسز کی مدد سے کچے میں آپریشن دو روز سے جاری ہے۔
ایس ایس پی سکھر عرفان علی سموں نے کہا کہ شہید جان محمد مہر کے قتل میں ملوث ملزمان کو جلد از جلد گرفتار کر کے قانون کے کٹہرے میں لایا جائے گا۔