اسلام آباد: (ویب ڈیسک ) وفاقی تحقیقاتی ادارے (ایف آئی اے) اور انٹرپول پاکستان نے کارروائی کرتے ہوئے پولیس کو مطلوب ملزم عمان سے گرفتار کرلیا۔
ایف آئی اے کے مطابق ملزم کامران حنیف منڈی بہاؤالدین پولیس کو مطلوب تھا ، ملزم کو عمان سے گرفتار کرکے اسلام آباد ائیرپورٹ منتقل کردیا گیا ہے۔
ایف آئی اے حکام کا کہنا ہے کہ ملزم کے خلاف قتل کی دفعات کے تحت مقدمہ درج تھا، جسے ایف آئی اے امیگریشن نے منڈی بہاؤ الدین پولیس کے حوالے کردیا ہے۔
علاوہ ازیں ایف آئی اے نے بیرون ملک بیٹھ کر سوشل میڈیا پر قومی سلامتی کے اداروں کے خلاف ہرزہ سرائی کرنے والے افراد کو گرفتار کرنے کا بھی فیصلہ کیا ہے۔
ذرائع کے مطابق ایف آئی اے نے ان افراد کو بیرون ملک سےگرفتار کرکے لانے کے لیے انٹرپول سے بھی رابطہ کرلیا ہے، ان افراد کے اکاؤنٹس ٹریک کرکے سائبر کرائم ایکٹ کے تحت مقدمات درج کیے جائیں گے۔