کراچی : سی ٹی ڈی کی کارروائی، نجی بینک کی کیش وین لوٹنےکا ملزم گرفتار

Published On 18 June,2023 02:15 pm

کراچی : (دنیانیوز) سندھ پولیس کے کاؤنٹر ٹیررازم ڈیپارٹمنٹ (سی ٹی ڈی) کے شعبہ تفتیش کے عملے نے ایک کارروائی کے دوران نجی بینک کی کیش وین کو لوٹنے میں ملوث ملزم کو گرفتار کرلیا۔

ترجمان سی ٹی ڈی کے مطابق ملزم کی گرفتاری بہادر آباد کے علاقے دھوراجی کالونی سے عمل میں آئی ہے، پولیس کے مطابق ملزم ایاز علی نجی کیش وین کمپنی میں سکیورٹی انچارج تھا۔

انچارج سی ٹی ڈی چوہدری صفدر کے مطابق ملزم نے دوران تفتیش مزید انکشافات کیے ہیں ، ملزم نے سال 2021ء میں جوڑیا بازار پر بینک کو کیش فراہم کرنے والی وین کو لوٹا تھا، ملزم 50 لاکھ روپے لوٹ کر راولپنڈی فرار ہوگیا تھا، واردات کے بعد وہ اپنے رشتہ داروں کے گھر روپوش تھا۔

ترجمان کے مطابق کھارادر تھانے میں درج ایف آئی آر کا ملزم مفرور اور اشتہاری بھی ہے، پولیس کے مطابق ملزم حال ہی میں کراچی واپس آیا تھا جسے ٹیکنیکل بنیاد پر گرفتار کیا گیا۔

ترجمان سی ٹی ڈی کا کہنا ہے کہ گرفتار ملزم کو مزید قانونی کارروائی کے لیے پولیس کے حوالے کردیا گیا ہے۔