محکمہ انسداد دہشت گردی پنجاب کی کارروائی، 6 مبینہ دہشت گرد گرفتار

Published On 17 June,2023 06:03 pm

لاہور: (دنیا نیوز) محکمہ انسداد دہشت گردی پنجاب نے بڑی کارروائی کرتے ہوئے کالعدم تنظیموں کے 6 مبینہ دہشت گردوں کو گرفتار کر لیا۔

ترجمان محکمہ انسداد دہشت گردی پنجاب کے مطابق سی ٹی ڈی پنجاب نے دہشت گردی کے کسی بھی ناخوشگوار واقعہ سے مؤثر طریقے سے نمٹنے کیلئے صوبہ بھر کے مختلف اضلاع میں 55 خفیہ آپریشنز کیے جن کے دوران 50 مشتبہ افراد سے پوچھ گچھ کی گئی۔

گرفتار ہونے والے دہشت گردوں میں تحریک طالبان پاکستان کے 3 ارکان لیاقت اللہ، ندیم خان اور عنایت اللہ شامل ہیں، سپاہ صحابہ پاکستان کا ایک رکن محمد یونس، داعش کا ایک رکن محمد عمار اور لشکر جھنگوی کا ایک رکن اعجاز احمد بھی گرفتار دہشتگردوں کی فہرست میں شامل ہیں۔

دہشتگردوں کے قبضے سے 1358 گرام دھماکہ خیز مواد، ایک عدد ہینڈ گرنیڈ، پرائما کارڈ 6.53 فٹ، ایک عدد لیپ ٹاپ، کالعدم تنظیم کے 82 کے پمفلٹس، 2 جھنڈے، 6 رسید کتابیں اور 18800 روپے نقدی برآمد کی گئی۔

ترجمان نے بتاہا کہ دہشت گردوں نے صوبہ بھر میں تخریب کاری کا منصوبہ بنا رکھا تھا اور اہم تنصیبات اور مذہبی مقامات کو ٹارگٹ کرنا چاہتے تھے، گرفتار مبینہ دہشت گردوں کے خلاف ملتان، ڈی جی خان اور گوجرانوالہ میں 6 ایف آئی آرز درج کر کے انہیں تفتیش کیلئے نامعلوم مقام پر منتقل کر دیا گیا ہے۔

ترجمان نے کہا کہ رواں ہفتے کے دوران مقامی پولیس اور سیکورٹی اداروں کی مدد سے سی ٹی ڈی پنجاب نے 227 کومبنگ آپریشنز کیے، ان آپریشنز کے دوران 11694 افراد کو چیک کیا گیا، 24 مشتبہ افراد کو گرفتار، 23 ایف آئی آرز کا اندراج ہوا جبکہ 16 افراد کو بازیاب کروایا گیا۔

انہوں نے کہا کہ کاؤنٹر ٹیررزم ڈیپارٹمنٹ پنجاب پوری مستعدی سے محفوظ پنجاب کے اپنے ہدف پر عمل پیرا ہے اور دہشت گردی کے ناسور کو جڑ سے اکھاڑ پھینکنے کیلئے پرعزم ہے، دہشت گردوں اور ریاست دشمن عناصر کو سلاخوں کے پیچھے پہنچانے کی کوششوں میں کوئی کسر نہیں چھوڑی جائے گی۔

ان ک مزید کہنا تھا کہ دہشت گردی سے متعلق کسی بھی معلومات کی صورت میں کاؤنٹر ٹیررزم ڈیپارٹمنٹ پنجاب کی ہیلپ لائن 0800-11111 پر اطلاع کریں۔