اندھیرنگری چوپٹ راج ، وزیراعلیٰ سندھ کے پروٹوکول آفیسر بھی ڈاکوؤں کے ہتھے چڑھ گئے

Published On 02 January,2023 12:06 pm

کراچی: (دنیا نیوز) صوبائی دارالحکومت کراچی میں اسٹریٹ کرائمز کی وارداتیں تھم نہ سکیں ، وزیراعلیٰ سندھ کے پروٹوکول افسر مہمانوں سمیت ڈاکوؤں کے ہتھے چڑھ گئے ۔

پولیس کے مطابق فیڈرل بی ایریا میں جوہر آباد تھانے کی حدود میں ڈاکوؤں نے وزیراعلیٰ سندھ سید مراد علی شاہ کے پروٹوکول افسر مسرور وارثی کو کینیڈا سے آئے ہوئے مہمانوں سمیت لوٹ لیا۔

پولیس کے مطابق ڈاکوؤں نے نیو ایئر نائٹ کے موقع پر 2 موٹرسائیکلوں پر سوار 4 مسلح ڈاکوؤں نے گلی کے کونے پر مسرور وارثی اور ان کے مہمانوں سے لوٹ مار کی۔

ڈاکوؤں نے قریبی چائے کے ہوٹل پر بیٹھے ایک درجن سے زائد افراد سے بھی موبائل فون، نقدی اور دیگر قیمتی سامان لوٹ لیا ۔

ایس ایچ او جوہرآباد انسپکٹر اے ڈی چودھری نے بتایا کہ واقعہ گزشتہ روز شام چار بجے پیش آیا۔

پولیس کے مطابق متاثرین کی جانب سے جوہر آباد تھانے میں واقعے کی رپورٹ درج کروا دی گئی ہے، جس کے بعد اطراف کی سی سی ٹی وی فوٹیجز حاصل کرنے کی کوشش کی جارہی ہے ۔

پولیس کا کہنا ہے کہ متاثرین سے رابطے میں ہیں ، جلد ہی ملزمان کو گرفتار کرلیا جائے گا ۔