کراچی: لیاقت آباد میں فائرنگ سے شہری جاں بحق

Last Updated On 12 June,2019 04:39 pm

کراچی: (دنیا نیوز) شہر قائد کے علاقے لیاقت آباد بندھانی کالونی میں فائرنگ سے شہری جاں بحق ہو گیا۔

دنیا نیوز کے مطابق لیاقت آباد بندھانی کالونی میں فائرنگ سے جاں بحق ہونے والے شہری کا نام عارف بتایا جا رہا ہے، مقتول عارف کو رات چار بجے دو افراد گھر سے موٹرسائیکل پر ساتھ لے گئے تھے۔ صبح ساڑھے سات بجے عارف کی لاش گھر کے قریب سے ملی۔۔۔

پولیس حکام کے مطابق مقتول کے منہ پر کپڑا باندھ کر فائرنگ کر کے قتل کیا گیا۔ جائے وقوعہ سے کوئی خول برآمد نہیں ہوا۔ ابتدائی طور پر واقعہ ذاتی دشمنی کا لگتا ہے جبکہ مقتول کے بھائی محمد طارق نے کہا کہ رات چار بجے دو موٹرسائیکل سوار عارف کے گھر پر آئے والدہ نے دروازہ کھولا تو ملزمان نے اپنے آپ کو پولیس اہلکارظاہر کیا۔

ملزمان عارف کو بلوا کرمنہ پرکپڑا ڈال کر بائیک پر اپنے ساتھ لے گئے۔ دو گھنٹے بعد گھر سے کچھ فاصلے سے بھائی کی لاش ملی۔ لواحقین نے وزیراعلیٰ سندھ مراد علی شاہ اور آئی جی سندھ سے واقعے کی تحقیقات کا مطالبہ کر دیا۔