پشاور کے مختلف علاقوں‌میں سرگرم چور گرفتار، 20 موٹر سائیکلیں برآمد

Last Updated On 11 June,2019 02:10 pm

پشاور: (دنیا نیوز) پشاور پولیس نے شہر کے مختلف علاقوں میں سرگرم دوموٹر سائیکل چوروں کو گرفتار کر لیا، ملزمان کی نشاندہی پر بیس موٹر سائیکلیں برآمد کر لیں۔

ایس ایس پی آپریشنز ظہور بابر آفریدی کا پریس کانفرنس میں کہنا تھا کہ تھانہ چمکنی اورآغا میرجانی شاہ کی حدود میں کارروائی کرتے ہوئے موٹر سائیکلیں چوری میں ملوث دو ملزموں کو گرفتار کیا گیا۔

ملزمان کی نشاندہی پر سرقہ شدہ بیس موٹر سائیکلیں برآمد کی گئیں۔ ملزموں نے ابتدائی تفتیش کے دوران موٹر سائیکل چوری میں ملوث ہونے کا اعتراف کیا ہے۔ گرفتار ملزمان گھروں کے سامنے سے موٹر سائیکل چوری کرتے اور بعد میں ضلع خیبر اور پشاور کی مقامی مارکیٹوں میں اونے پونے داموں فروخت کرتے تھے۔

ایس ایس پی آپریشنز کے مطابق ملزمان کے دیگر شریک ساتھیوں اور نیٹ ورک کا سراغ لگا لیا گیا ہے اور گرفتاری کےلیے خصوصی ٹیم تشکیل دے دی گئیں ہیں۔