ایل ڈی اے پلاٹوں کی غیر قانونی منتقلی اور قبضے، کرپٹ عناصر کیخلاف شکنجہ سخت

Last Updated On 16 January,2019 07:35 pm

لاہور: (دنیا نیوز) محکمہ اینٹی کرپشن نے کرپٹ عناصر کے خلاف دائرہ کار وسیع کرتے ہوئے 19 میگا کرپشن کیسز سے متعلق رپورٹ وزیراعلیٰ کو ارسال کر دی ہے۔

رپورٹ میں کہا گیا ہے کہ غیر قانونی طور پر ایل ڈی اے پلاٹوں کی منتقلی کی گئی، افسران اور سابق حکومتی عہدیداروں کی ملی بھگت سے زمینوں پر قبضے کئے گئے۔

رپورٹ میں انکشاف کیا گیا کہ محکمہ اوقاف کی اراضی پر افسران کی ملی بھگت سے غیر قانونی طور پر قبضہ کیا گیا، اس جرم میں سابق عہدیدار بھی ملوث رہے۔ ہاؤسنگ سوسائٹیز میں کروڑوں کے گھپلے ہوئے جبکہ محکمہ کوآپریٹیو کے سینئر افسران کو گرفتار کیا گیا۔

وزیراعلیٰ کو پیش کی گئی رپورٹ میں کہا گیا کہ غیر قانونی طور پر سکیم کی منظوری اور اختیارات کا ناجائز استعمال کر کے خزانے کو نقصان پہنچایا گیا۔ پولیس فنڈز میں کروڑوں کا فراڈ ہوا، سابق ڈی پی او شیخوپورہ کیخلاف تحقیقات شروع کر دی گئیں۔

اس کے علاوہ رپورٹ میں بتایا گیا ہے کہ اینٹی کرپشن ریسکیو 1122 کیلئے گاڑیوں کی خریداری اور فنڈز میں کروڑوں کے گھپلوں پر تحقیقات شروع کر دی گئی ہیں۔