اسلام آباد: ڈاکو پٹرول پمپ لوٹ کر فرار، پولیس خاموش تماشائی

Last Updated On 15 January,2019 08:08 pm

اسلام آباد: (دنیا نیوز) اسلام آباد میں ڈاکو پٹرول پمپ لوٹ کر فرار ہو گئے۔ پولیس بروقت پہنچی، لیکن ڈاکوؤں نے ڈکیتی کے بعد ایس ایچ او صاحب سے ہاتھ ملایا اور آرام سے نکل گئے۔ سی سی ٹی وی فوٹیج نے بھانڈا پھوڑ دیا۔

وفاقی دار الحکومت کے علاقے جنگی سیداں میں سات ڈاکوؤں نے پٹرول پمپ پر دھاوا بول دیا۔ گارڈ سے اسلحہ چھین کر اندھا دھند فائرنگ کی اور پھر عملے کو یرغمال بنا کر لوٹ مار شروع کر دی۔

پٹرول پمپ اور ٹک شاپ سے 15 لاکھ روپے کیش لوٹا تو جانے سے پہلے پولیس آن پہنچی۔ ایک ڈاکو اطمینان سے ایس ایچ او صاحب کے پاس گیا، ہاتھ ملایا اور نو دو گیارہ ہو گیا لیکن پولیس کو جب احساس ہوا تو بہت دیر ہو چکی تھی۔

ڈاکو جاتے ہوئے سی سی ٹی وی فوٹیج ڈیوائس سمجھ کر ٹک شاپ کا کمپیوٹر ساتھ لے گئے۔ یوں سی سی ٹی وی فوٹیج نے قلعی کھولی تو پولیس کو ڈکیتی کا مقدمہ درج کرنا پڑا، جو معاملے کو جھگڑا ثابت کرنے کی کوشش میں تھی۔