لاہور : ( ویب ڈیسک ) پاکستان کرکٹ بورڈ ( پی سی بی ) کے سابق چیئرمین رمیز راجا کا قومی ٹیم کی کپتانی کے حوالے سے قیاس آرائیوں پر رد عمل سامنے آ گیا۔
پی سی بی کے سابق چیئرمین کا کہنا ہے کہ قومی کرکٹ ٹیم کے کپتان بابراعظم ، فاسٹ باؤلر شاہین آفریدی اور سپنر شاداب خان پاکستان کے اہم ترین کھلاڑی ہیں، افسوس ہے کہ تینوں اہم کھلاڑی کپتانی کی جنگ میں آمنے سامنے ہیں۔
رمیز راجا نے کہا کہ پی سی بی ماضی سے سبق سیکھے، 90 کی دہائی میں کپتانی سے متعلق افواہوں کی وجہ سے پاکستان کرکٹ تباہ ہوئی تھی۔
انہوں نے مزید کہا کہ کپتانی کی جنگ سے ڈریسنگ روم کا ماحول خراب ہوگا، بابراعظم کی وائٹ بال میں بنی ٹیم پر بھی اسکا اثر پڑے گا۔
خیال رہے کہ افغانستان کے خلاف ٹی ٹوئنٹی سیریز میں کپتان بابر اعظم کو آرام کروانے اور نئے کھلاڑیوں کو سکواڈ میں شامل کیے جانے کا امکان ہے۔
یاد رہے کہ پی سی بی کے چیئرمین نجم سیٹھی نے شاہین شاہ آفریدی کو آئندہ ٹی ٹوئنٹی سیریز میں کپتانی کی پیشکش کی ہے جبکہ فاسٹ باؤلر نے نجم سیٹھی کو کپتانی سے متعلق مثبت اشارہ دیا ہے۔