کراچی کنگز کے کھلاڑی میتھیو ویڈ پلے آف میں جگہ بنانے کیلئے پرامید

Published On 02 March,2023 01:44 am

راولپنڈی : ( ویب ڈیسک ) پاکستان سپر لیگ ( پی ایس ایل ) کی ٹیم کراچی کنگز کے وکٹ کیپر بیٹر میتھیو ویڈ نے اگلے تین میچوں کو اہم قرار دیتے ہوئے پلے آف میں جگہ بنانے کی اپنی ٹیم کی صلاحیت پر اعتماد کا اظہار کیا ہے۔

پشاور زلمی کیخلاف میچ میں شکست کے بعد پریس کانفرنس کرتے ہوئے وکٹ کیپر بیٹر کا کہنا تھا کہ کراچی کنگز کا نیٹ رن ریٹ اسے ٹورنامنٹ میں بقاء کی امیدیں دے رہا ہے، اگرہم نے اگلے تین میچز جیت لیے تو پلے آف کیلئے کوالیفائی کرسکتے ہیں۔

میتھیو ویڈ نے کہا کہ پشاور زلمی کے خلاف کراچی کنگز نے شاندار آغاز کیا تھا، پہلے باؤلنگ اور پھر بیٹنگ میں بھی شروعات کی لیکن مایوسی کی بات یہ ہے کہ دونوں شعبوں میں پشاور کو کم بیک کرنے کا موقع دے دیا، میچ کا جو نتیجہ ہوا اس پر مایوسی ہے۔

انہوں نے کہا کہ ان کی خواہش تو تھی کہ میچ ختم کریں کیوں کہ بطور ٹاپ آرڈر بلے باز یہ ان کا کام ہے، وہ ایک ایسی گیند کی تلاش میں تھے جس کو ہٹ کرسکیں، مگر بدقسمتی سے جس گیند کو ہٹ کرنے کی کوشش کی اس کو مس کر گئے۔

انہوں نے مزید کہا کہ ایک دو روز میں پھر سے موقع ملنا ہے اور اس بار کوئی غلطی کی گنجائش نہیں، کراچی کنگز کی پوری کوشش ہوگی کہ باقی تمام میچز جیت کر ٹورنامنٹ کے اگلے راؤنڈ میں جگہ بنائی جا سکے۔