پاکستان سپر لیگ 8 کے دوسرے مرحلے کا آج سے راولپنڈی میں آغاز

Published On 01 March,2023 01:01 am

لاہور : ( ویب ڈیسک ) پاکستان سپر لیگ ( پی ایس ایل ) کے آٹھویں ایڈیشن کے دوسرے مرحلے کا آغاز ( آج ) یکم مارچ سے راولپنڈی کرکٹ سٹیڈیم میں ہوگا ، پشاور زلمی اور کراچی کنگز کی ٹیمیں پہلے میچ میں مدمقابل ہوں گی۔

راولپنڈی کرکٹ سٹیڈیم میں ٹورنامنٹ کے مجموعی طور پر 11 میچز کھیلے جائیں گے جو کہ 12 مارچ کواختتام پذیر ہوں گے جبکہ میچز کیلئے تمام انتظامات کو حتمی شکل دے دی گئی ہے اور سکیورٹی کے بھی سخت انتظامات کیے گئے ہیں۔

پی ایس ایل میں اب تک ہونے والے میچز میں لاہور قلندرز کی ٹیم پوائنٹس ٹیبل پر سرفہرست ہے ، ملتان سلطانز دوسرے اور اسلام آباد یونائیٹڈ تیسرے نمبر پر ہے۔

پوائنٹس ٹیبل کے مطابق لاہور قلندرز کی ٹیم نے 5 میچز کھیلے ہیں جن میں اسے 4 میچوں میں کامیابی ، ایک میچ میں شکست کا سامنا کرنا پڑا اور وہ 8 پوائنٹس کیساتھ سرفہرست ہے جبکہ ملتان سلطانز نے 6 میچز کھیلے ہیں جن میں اسے 4 میں کامیابی ، 2 میں شکست کا سامنا کرنا پڑا اور وہ 8 پوائنٹس کے ساتھ ٹیبل پر دوسرے نمبر پر ہے۔

اسلام آباد یونائیٹڈ کی ٹیم 5 میچز کھیل کر 3 میں کامیابی اور 2 میں شکست کے بعد 6 پوائنٹس کے ساتھ تیسرے نمبر پر موجود ہے جبکہ کراچی کنگز 6 میچ کھیل کر 2میں کامیابی اور 4 میں شکست کے بعد 4 پوائنٹس کے ساتھ چوتھے نمبر پر ہے۔

پشاور زلمی 5 میچز کھیل کر 2 میچوں میں کامیابی اور 3  میں شکست کے بعد 4 پوائنٹس کیساتھ پانچویں نمبر پر براجمان ہے اور کوئٹہ گلیڈی ایٹرز نے 5 میچز کھیلے ہیں جن میں ایک میں اسے کامیابی جبکہ 4 میں شکست کا سامنا کرنا پڑا اور وہ 2 پوائنٹس کے ساتھ چھٹے نمبر پر ہے۔