اسلام آباد: (ویب ڈیسک) کراچی کنگز کا آج پشاور زلمی سے ٹاکرا ہوگا جبکہ کراچی کے کپتان عماد وسیم ٹورنامنٹ میں کم بیک کیلئے پرعزم ہیں۔
اسلام آباد میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے عماد وسیم نے کہا کہ آخری میچ جیتنے کے بعد کافی ایڈوانٹیج ملاہے ورنہ ہم ٹورنامنٹ سے باہر ہو گئے تھے۔
ان کا کہنا تھا کہ ٹیم سلیکشن میں کچھ غلطیاں ہوئی ہیں، ٹورنامنٹ کا اختتام بہتر طریقے سے کریں گے، آخری میچ میں کامیابی کیساتھ کم بیک کیا ہے، چھوٹے مارجن سے میچ ہارے ہیں جبکہ بڑے مارجن سے میچ جیتے ہیں۔
انہوں نے کہا کہ ٹیم کی کارکردگی سے مطمئن نہیں ہوں، نوجوان کھلاڑیوں کے لئے پی ایس ایل اچھا پلیٹ فارم ہے، ڈومیسٹک میں اچھی پرفارمنس دینے کے بعد پی ایس ایل میں طیب طاہر اچھی پرفارمنس دے رہے ہیں، ان کے لئے انٹر نیشنل کرکٹ کے دروازے کھلے ہیں، ملتان سلطانز کا احسان اللہ اچھی باؤلنگ کروا رہا ہے۔
کپتان کراچی کنگز نے کہا کہ ہوم گراونڈ اور ہوم کراؤڈ بارہواں کھلاڑی ہوتا ہے، کراؤڈ کے پریشر میں بھی مزہ آتا ہے، قاسم اکرم مستقبل کا سرمایہ ہیں، اس کی جگہ عرفان نیازی کو لے آئے ہیں۔
عماد وسیم نے کہا کہ ہم دو تین سال سے پنڈی میں میچ کھیل رہے ہیں، پنڈی کرکٹ سٹیڈیم کی وکٹ ٹی 20 میچز کے لئے بہترین ہوتی ہے، چھکے چوکوں کی برسات ہو گی تو شائقین کرکٹ خوش ہوں گے۔
انہوں نے کہا کہ عمران طاہر اور تبریز شمسی کو ٹیم کا حصہ بنانا چاہتے تھے تاہم پہلے میچوں میں عمران طاہر کو موقع دیا گیا۔
عماد وسیم نے کہا کہ تمام فیصلوں کی ذمہ داری لیتا ہوں تاہم کوچز کیساتھ بھی مشاورت کرتا ہوں۔