ٹی 20 ورلڈ کپ: سٹوئنس کا لاٹھی چارج، آسٹریلیا کی سری لنکا کو 7 وکٹ سے شکست

Published On 25 October,2022 07:34 pm

لاہور:(ویب ڈیسک) ٹی 20 ورلڈ کپ کے گروپ ون کے میچ میں میزبان اور دفاعی چیمپئن آسٹریلیا نے مارکس سٹوئنس کے لاٹھی چارج کی بدولت سری لنکا کو 7 وکٹ سے شکست دے کر پہلی فتح سمیٹ لی۔

آسٹریلیا کے شہر پرتھ میں میگا ایونٹ کا 19 واں میچ کینگروز اور آئی لینڈرز کے مابین کھیلا گیا۔

سری لنکا اننگز

پہلے بیٹنگ کرتے ہوئے سری لنکا نے مقررہ 20 اوورز میں 6 وکٹ کے نقصان پر 157 رنز بنائے، پاتھم نسانکا نے سب سے زیادہ 2 چوکوں کی مدد سے 45 گیندوں پر 40 رنز کی اننگز کھیلی، چاریتھ اسالنکا نے 2 چوکوں اور 3 چھکوں کی مدد سے 25 گیندوں پر 38 رنز ناٹ آؤٹ بنائے، دھننجایا ڈی سلوا 26 سکور بنا کر آؤٹ ہوئے۔

جوش ہیزل ووڈ، پیٹ کمنز، ایشٹن ایگر اور گلین میکسویل نے ایک، ایک وکٹ اپنے نام کی۔

آسٹریلیا اننگز

مارکس سٹوئنس کی جارحانہ اننگز کی بدولت میزبان ٹیم نے 16 اعشاریہ 3 اوورز میں 3 وکٹ کے نقصان پر 158 رنز بنائے، ڈیوڈ وارنر 11، مچل مارش 18 اور گلین میکسویل نے 23 رنز بنائے جبکہ کپتان ایرون فنچ نے 31 رنز ناٹ آؤٹ بنائے۔

آل راؤنڈر مارکس سٹوئنس نے 6 چھکوں اور 4 چوکوں کی مدد سے صرف 18 گیندوں پر 59 رنز کی دھواں دار ناقابل شکست اننگز کھیلی، ان کو میچ کا بہترین کھلاڑی بھی قرار دیا گیا۔

خیال رہے کہ آسٹریلیا کی میگا ایونٹ میں یہ پہلی کامیابی ہے جبکہ انہیں پہلے میچ میں نیوزی لینڈ کے ہاتھوں شکست کا سامنا کرنا پڑا تھا۔