ٹی 20 ورلڈ کپ: سنسنی خیز مقابلے کے بعد بھارت کی پاکستان کو 4 وکٹ سے شکست

Published On 23 October,2022 03:56 pm

لاہور: (ویب ڈیسک) ٹی 20 ورلڈ کپ کے ہائی وولٹیج میچ میں بھارت نے پاکستان کو سنسنی خیز مقابلے کے بعد 4 وکٹ سے شکست دے دی۔

بڑے ایونٹ کے بڑے معرکے میں بھارت نے ٹاس جیت کر پہلے پاکستان کو بیٹنگ کی دعوت دیتے ہوئے خود فیلڈنگ کا فیصلہ کیا تھا۔

بھارت اننگز

روایتی حریف کی جانب سے کے ایل راہول اور کپتان روہت شرما نے اننگز کا آغاز کیا، تاہم کے ایل راہول دوسرے اوور میں 4 رنز بناکر نسیم شاہ کی گیند پر کلین بولڈ ہوگئے، دوسرے آؤٹ ہونے والے بیٹر روہت شرما تھے جو کہ 4 رنز پر ہی حارث رؤف کی گیند پر افتخار احمد کو کیچ دے بیٹھے، سوریا کمار یادیو نے 15 رنز بنائے اور حارث رؤف کی ہی گیند پر محمد رضوان کے ہاتھوں کیچ آؤٹ ہوئے۔

چوتھے آؤٹ ہونے والے کھلاڑی اکشر پٹیل تھے جو کہ 2 رنز بناکر رن آؤٹ ہوئے۔

ویرات کوہلی اور ہاردیک پانڈیا نے شاندار بلے بازی کا مظاہرہ کیا، کوہلی نے 4 چھکوں اور 6 چوکوں کی مدد سے 53 گیندوں پر 82 رنز کی ناقابل شکست اننگز کھیلی، ہاردیک پانڈیا 2 چھکوں اور 1 چوکے کی مدد سے 37 گیندوں پر 40 سکور بناکر پویلین لوٹے، دنیش کارتک 1 رن بناکر آؤٹ ہوئے۔

محمد نواز کا آخری اوور گیم چینجر ثابت ہوا، انہوں نے 9 گیندوں کا اوور کرایا جس میں 2 وائیڈ اور 1 نو بال شامل تھی۔ 

روایتی حریف نے 160 رنز کا ہدف 6 وکٹ کے نقصان پر آخری گیند پر حاصل کیا، ویرات کوہلی 82 اور روی چندرن ایشون 1 رن پر ناٹ آؤٹ رہے، ویرات کوہلی کو میچ کا بہترین کھلاڑی قرار دیا گیا۔

پاکستان کی جانب سے حارث رؤف اور محمد نواز نے 2،2 جبکہ نسیم شاہ نے ایک وکٹ اپنے نام کی۔

پاکستان اننگز

پاکستان کے مڈل آرڈر بلے باز افتخار احمد اور شان مسعود کی ذمہ دارانہ بیٹنگ کی بدولت پاکستان نے مقررہ اوورز میں 8 وکٹوں کے نقصان پر 159 رنز بنائے۔

افتخار احمد نے اوپنرز کے جلد آؤٹ ہونے کے بعد دھواں دھار بیٹنگ کی اور نصف سنچری بنا کر 51 رنز بنا کر محمد شامی کا شکار بنے جبکہ شان مسعود نے 52 رنز کی ناقابل شکست اننگز کھیلی۔

پاکستانی اوپنر اننگز کا اچھا آغاز نہ کر سکے، کپتان بابر اعظم دوسرے اوور میں ارشدیپ سنگھ کی پہلی گیند پر ایل بی ڈبلیو ہوئے اور گولڈن ڈک پر پویلین لوٹ گئے، بعدازاں چوتھے اوور میں وکٹ کیپر محمد رضوان بھی 12 گیندوں پر 4 رنز بنا کر ارشدیپ کا شکار بنے۔

افتخار احمد کے آؤٹ ہونے کے بعد کوئی بھی کریز پر زیادہ دیر ٹھہر نہ سکا، شاداب 5 اور حیدر علی 2 رنز بنا کر پویلین لوٹے، محمد نواز 9، آصف علی 2 رنز پر آؤٹ ہوگئے۔

بھارت کی جانب سے ارشدیپ سنگھ اور ہاردک پانڈیا نے 3،3 وکٹیں حاصل کیں جبکہ بھونیشور کمار اور شامی ایک ایک وکٹ لینے میں کامیاب رہے۔

پاکستانی سکواڈ

کپتان بابراعظم، محمد رضوان، شان مسعود، افتخار احمد، حیدر علی، محمد نواز، آصف علی، شاہین شاہ آفریدی، نسیم شاہ، شاداب خان اور حارث رؤف شامل تھے۔

بھارتی سکواڈ

کپتان روہت شرما، کے ایل راہول، ویرات کوہلی، سوریہ کمار یادیو، ہاردک پانڈیا، دنیش کارتک، اکشر پٹیل، آر اشون، محمد شامی، بھونیشور کمار اور ارشدیپ سنگھ شامل تھے۔

 کوہلی نے پریشر کو اچھا ہینڈل کیا، غلطیوں سے سبق سیکھیں گے: بابر اعظم

 قومی کرکٹ ٹیم کے کپتان بابر اعظم نے کہا ہے کہ ویرات کوہلی نے پریشر کو اچھا ہینڈل کیا، غلطیوں سے سبق سیکھیں گے، قریب آکر میچ ہارتے ہیں تو دکھ ہوتا ہے۔

بھارت سے ٹی 20 ورلڈ کپ کے میچ میں شکست کے بعد پریس کانفرنس کرتے ہوئے بابر اعظم کا کہنا تھا کہ کوہلی کی اننگز نے میچ میں کافی فرق ڈالا، پر اعتماد ہوں کہ ہم ٹورنامنٹ میں کم بیک کریں گے، وکٹیں لینا چاہ رہے تھے اس لئے مین باؤلر پہلے استعمال کئے، نواز نے بھی اچھی باؤلنگ کی۔

کپتان کا مزید کہنا تھا کہ نواز کے آخری اوور میں ایک نو بال اور وائیڈ ہوگیا، شاہین انجری کے بعد آیا اس کو تھوڑا وقت دیں، بھارت نے میچ میں اچھی کرکٹ کھیلی۔

 چیئرمین پی سی بی رمیز راجہ

پاکستان کرکٹ بورڈ کے چیئرمین رمیز راجہ نے پاک بھارت میچ پر ٹوئٹ میں لکھا کہ آپ کبھی جیتتنے ہیں اور کبھی ہارتے ہیں، یہ کھیل کبھی ظالمانہ اور غیر منصفانہ ہو سکتا ہے، بلے اور گیند سے کچھ نہیں ملتا، آپ کے کوشش کرنے پر فخر ہے۔

بھارت کیخلاف میچ میں شکست، وزیراعظم، مریم نواز کی شاہینوں کی حوصلہ افزائی

 ٹی 20 ورلڈ کپ میں کے اعصاب شکن میچ میں بھارت کے ہاتھوں 4 وکٹ کی شکست کے بعد وزیراعظم شہباز شریف اور پاکستان مسلم لیگ (ن) کی نائب صدر مریم نواز نے شاہینوں کی حوصلہ افزائی کی ہے۔

وزیراعظم شہباز شریف نے ٹی 20 ورلڈ کپ میں پاکستان کرکٹ ٹیم کی جانب سے بھارت کے خلاف اپنے پہلے میچ میں مقابلہ کو سراہتے ہوئے ٹیم کی تحسین کی۔

سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹوئٹر پر اعصاب شکن مقابلہ میں پاکستانی کرکٹ ٹیم کی کارکردگی کو شاندار کاوش قرار دیتے ہوئے انہوں نے لکھا کہ ٹیم پاکستان گریٹ گیم۔

مریم نواز

میچ پر پیغام جاری کرتے ہوئے مریم نواز نے ٹوئٹ کیا کہ بہادری سے مقابلہ کرتے ہوئے ہارنے میں میں کوئی شرم کی بات نہیں، کوشش کرنا اہمیت رکھتا ہے اور ہم نے آج آپ کو کوشش کرتے دیکھا۔

اپنے ٹوئٹ میں انہوں نے مزید لکھا کہ آج کا میچ بڑا سنسنی خیز تھا اور کچھ بھی ہوسکتا تھا، ٹیم پاکستان اگلے مقابلے کے لیے تیار رہو۔