میری پرفارمنس بری نہیں، تنقید کو مثبت انداز میں لیتا ہوں: افتخار احمد

Published On 24 October,2022 10:56 pm

لاہور: (ویب ڈیسک) قومی ٹیم کے مڈل آرڈر بیٹر افتخار احمد نے کہا ہے کہ میری پرفارمنس اتنی بری نہیں ہے اور مجھ پر ہونے والی تنقید کو میں مثبت انداز میں لیتا ہوں۔

یاد رہے کہ گزشتہ روز قومی ٹیم کے کپتان بابر اعظم اور وکٹ کیپر بیٹر محمد رضوان کے جلد آؤٹ ہونے کے بعد افتخار احمد نے شان مسعود کے ساتھ مل کر بھارت کیخلاف پاکستان کے لیے اننگز کو مستحکم کرنے میں کلیدی کردار ادا کیا۔

افتخار احمد اور مسعود کی بیٹنگ جوڑی نے پاکستان کو مشکل صورتحال سے نکالنے اور میلبورن کرکٹ گراؤنڈ میں 90,000 تماشائیوں کے سامنے 76 رنز کی شراکت قائم کی تھی۔

ایک موقع پر قومی بلے باز نے اکشر پٹیل کے پہلے اوور میں زبردست شارٹس کھیلے، اس میچ میں انہوں نے اپنے کیریئر کی دوسری نصف سنچری بنائی، یہ دوسری نصف سنچری بھی کینگروز کے دیس میں بنی، اس سے قبل ان کی پہلی نصف سنچری بھی آسٹریلیا کیخلاف ان کے ہوم گراؤنڈ پر تھی۔

ایک انٹرویو کے دوران افتخار احمد نے کہا کہ میری کارکردگی اتنی بُری نہیں ہے جتنی لوگ مجھ پر انگلیاں اٹھاتے ہیں جو لوگ منفی بات کرتے ہیں میں اس سے مثبت نکلتا ہوں۔ میں ہر میچ میں اپنا 100 فیصد دینے کی کوشش کرتا ہوں۔ مجھے نہیں معلوم تھا میں آسٹریلیا میں چار چھکے لگانے والا پہلا پاکستانی بلے باز بن گیا ہوں۔

پاکستان کیخلاف 53 گیندوں پر 82 رنز بنانے والے ویرات کوہلی کی بیٹنگ کو قومی بلے باز نے بھی کریڈٹ دیا۔ بھارتی کھلاڑی نے ایسے وقت میں زبردست باری کھیلی جب رن کے تعاقب کے دوران بھارتی ٹیم ایک موقع پر 4 وکٹوں پر 31 سکور پر مشکلات کا شکار تھی۔

قومی بلے باز نے کہا کہ مجھے نہیں لگتا ہمارے حصے سے کوئی کمی تھی، بھارت نے اچھی کرکٹ کھیلی اور ویرات کوہلی کو کریڈٹ دینا ہوگا جنہوں نے شاندار کھیل کا مظاہرہ کیا۔

خیال رہے کہ پاکستان اب 27 اکتوبر کو پرتھ میں زمبابوے کا مقابلہ کرے گا۔