ٹی 20 ورلڈ کپ: جنوبی افریقا اور زمبابوے کا میچ بغیر نتیجہ ختم

Published On 24 October,2022 05:57 pm

لاہور: (ویب ڈیسک) ٹی 20 ورلڈ کپ کا جنوبی افریقا اور زمبابوے کا میچ بارش کے باعث بغیر نتیجہ ختم ہوگیا۔

آسٹریلیا کے شہر ہوبارٹ میں میگا ایونٹ کا 18 واں اور گروپ 2 کا میچ زمبابوے اور جنوبی افریقا کے مابین کھیلا گیا، تاہم بارش کے باعث پہلی اننگز 9 اوورز تک محدود کردی گئی۔

زمبابوے اننگز

پہلے بیٹنگ کرتے ہوئے زمبابوے کی ٹیم نے مقررہ 9 اوورز میں 5 وکٹ کے نقصان پر 79 رنز بنائے، ویسلے نے سب سے زیادہ 35 رنز ناٹ آؤٹ بنائے، ملٹن شمبا نے 18 رنز کی اننگز کھیلی۔

لونگی نگیڈی نے سب سے زیادہ 2، پارنل اور اینرچ نورٹیج نے 1،1 وکٹ اپنے نام کی۔

جنوبی افریقا اننگز

بارش نے ایک مرتبہ پھر میچ کو متاثر کیا اور دوسری اننگز 7 اوورز تک محدود کردی گئی اور 80 سے 64 رنز کا ہدف کردیا گیا۔

پروٹیز نے جارحانہ بلے بازی کا مظاہرہ کرتے ہوئے 3 اوورز میں بغیر کسی نقصان کے 51 رنز ہی بنائے تھے کہ ایک مرتبہ پھر بارش کے باعث میچ کو روک دیا گیا جس کے بعد مقابلہ بغیر نتیجہ ختم ہوگیا۔

کوئنٹن ڈی کوک نے 1 چھکے اور 8 چوکوں کی مدد سے 18 گیندوں پر 47 رنز کی اننگز کھیلی، کپتان ٹیمبا باووما نے 2 رنز بنائے۔

اس طرح دونوں ٹیموں کو 1،1 پوائنٹ دے دیا گیا جبکہ گروپ اے میں بھارت اور بنگلا دیش کے 2،2 پوائنٹس ہیں۔