لاہور: (ویب ڈیسک) باسط علی کی ناقابل شکست 91 رنز کی جارحانہ اننگز کی بدولت بہاولپور رائلز نے پاکستان جونیئر لیگ (پی جے ایل) میں مردان واریئرز کو 9 وکٹ سے شکست دے کر فائنل میں جگہ بنا لی۔
لاہور کے قذافی سٹیڈیم میں مردان واریئرز اور بہاولپور رائلز کے مابین دوسرا کوالیفائر میچ کھیلا گیا۔
— Pakistan Junior League (@ThePJLofficial) October 20, 2022
مردان واریئرز اننگز
پہلے بیٹنگ کرتے ہوئے مردان واریئرز کی ٹیم نے مقررہ 20 اوورز میں 9 وکٹ کے نقصان پر 132 رنز بنائے، شاہ زیب خان نے 32 جبکہ محمد فاروق نے 24 رنز بنائے۔
ارحم نواب نے 21 اور محمد ذیشان نے 22 رنز کے عوض 2،2 کھلاڑیوں کو پویلین کی راہ دکھائی۔
بہاولپور رائلز اننگز
133 رنز کا ہدف بہاولپور رائلز کی ٹیم نے صرف 1 وکٹ کے نقصان پر 14 اعشاریہ 4 اوورز میں بآسانی حاصل کرلیا، باسط علی نے جارحانہ بلے بازی کا مظاہرہ کرتے ہوئے 54 گیندوں پر 91 رنز کی ناقابل شکست اننگز کھیلی، محمد طیب عارف 32 سکور بناکر ناٹ آؤٹ رہے۔
اس فتح کے ساتھ ہی بہاولپور رائلز کی ٹیم نے فائنل کے لئے کوالیفائی کرلیا جس کا مقابلہ گوادر شارکس کے ساتھ جمعہ کو ہوگا۔