ڈیرن سیمی پشاور زلمی کے ہیڈ کوچ بن گئے، قیادت وہاب ریاض کے سپرد

Last Updated On 05 March,2020 10:03 pm

لاہور: (ویب ڈیسک) پاکستان سپر لیگ (پی ایس ایل) فائیو کے دوران سب سے مقبول ترین فرنچائز پشاور زلمی نے ایونٹ کے دوران ڈیرن سیمی کو قیادت سے ہٹا کر ہیڈ کوچ کا عہدہ دیدیا ہے جبکہ وہاب ریاض کو ٹیم کی قیادت دے دی گئی ہے۔

پاکستان سپر لیگ 2017 کی فاتح پشاور زلمی نے پی ایس ایل کے پانچویں ایڈیشن کے درمیان ہی ڈیرن سیمی کو قیادت سے ہٹا کر فاسٹ باؤلر وہاب ریاض کو قیادت سونپ دی ہے۔

پشاور زلمی نے ڈیرن سیمی کو قیادت سے ہٹا کر آئندہ دو سال کے لیے ہیڈ کوچ کا منصب سونپ دیا ہے جبکہ محمد اکرم کو ٹیم ڈائریکٹر اور باؤلنگ کوچ مقرر کردیا گیا ہے۔

 

یاد رہے کہ ڈیرن سیمی کو قیادت سے ایک ایسے موقع پر ہٹایا گیا ہے جب دو دن قبل ہی سیمی کے فرنچائز کے مالک جاوید آفریدی سے اختلافات کی خبریں میڈیا کی زینت بنی تھیں۔

 

پشاور زلمی نے کراچی کنگز کے خلاف میچ میں انجری کا شکار کپتان ڈیرن سیمی کو نہیں کھلایا تھا اور ان کی جگہ فاسٹ باؤلر وہاب ریاض کپتان کے روپ میں نظر آئے تھے۔

تاہم میڈیا میں اختلافات کی خبریں اس وقت زیر گردش کرنے لگی تھیں جب ڈیرن سیمی نے سماجی رابطوں کی ویب سائٹ ٹوئٹر پر اپنے پیغام میں کہا تھا کہ میں سمجھ چکا ہوں کہ آپ اپنا کام مکمل کرنے تک ہی اہم ہیں۔

تاہم بعدازاں سابق ویسٹ انڈین کپتان نے اختلافات کی خبروں کو مسترد کرتے ہوئے پشاور زلمی ان کا بے بی ہے اور کوئی چیز ان کے درمیان نہیں آسکتی۔

انہوں نے مزید کہا تھا کہ مجھے یقین نہیں آرہا ہے کہ میڈیا یہ سوچے گا کہ میرے اور میرے بھائی جاوید آفریدی کے درمیان کوئی مسئلہ ہوگا، میں درحقیقت اس پر ہنس رہا ہوں، سن لیں کہ مجھے اس شخص سے بالکل اپنے بھائی کی طرح محبت ہے۔