لاہور: (ویب ڈیسک) پی ایس ایل فائیو شائقین کرکٹ کے لیے خوشیوں کا پیکیج بن چکا ہے مگر ساتھ ہی ساتھ اس سیزن کے آغاز سے ہی کچھ معاملات میں تنازعے بھی جنم لے چکے ہیں جن میں سرفہرست پی ایس ایل فائیو کا آفیشل سانگ بھی ہے جس کو لے کر معروف گلوکار علی عظمت اور علی ظفر میں لفظی تکرار بھی ہوچکی ہے ۔ علی عظمت کی تنقید کے بعد علی ظفر کے ردعمل نے اس بحث کو سوشل میڈیا پر دلچسپ موضوع میں تبدیل کردیا ہے۔ علی ظفر کے مطابق انہوں نے شائقین کی فرمائش پر پی ایس ایل فائیو سیزن کا نیا سانگ تیار کرلیا ہے، علی ظفر کی جانب سے نغمہ بنائے جانے پر پی ایس ایل فائیو کا نغمہ گانے والے گلوکار عاصم اظہر بھی خاموش نہ رہے۔ انہوں نے بھی لب کشائی کرتے ہوئے ٹویٹ میں ردعمل کا اظہار کر ڈالا۔
سوشل میڈیا صارف کی جانب سے عاصم اظہر سے پوچھا گیا کہ آپ کو نہیں لگتا کہ آپ کے پی ایس ایل فائیو کے نغمے کے بعد علی ظفر کا گانا جاری کرنا آپ کی بے عزتی ہے؟ جس پر عاصم اظہر نے صارف کو مخاطب کرتے ہوئے کہا کہ اس میں بے عزتی کی کیا بات ہے؟ وہ میرے سینئر ہیں، میں اُن کے کام کی قدر کرتا ہو یہاں تک کہ اگر کوئی پاکستان کی ترقی کے لیے کچھ بھی کرتا ہے تو میں خوشی کے ساتھ اُس کی حمایت کروں گا۔
عاصم اظہر نے یہ بھی کہا کہ یہی مسٔلہ ہے کہ ہم لوگ آپس میں ہی بٹے ہوئے ہیں لیکن اس وقت ہمیں ایک دوسرے کی حمایت کرنے کی ضرورت ہے۔