اسلام آباد ایئرپورٹ پر پی آئی اے طیارے کی ہنگامی لینڈنگ

Published On 24 November,2022 10:24 am

اسلام آباد: (دنیا نیوز) پی آئی اے کے طیارے کو انجن میں آگ لگنے کی وارننگ پراسلام آباد ایئرپورٹ پرہنگامی لینڈنگ کرنا پڑی۔

ترجمان سول ایوی ایشن اتھارٹی (سی اے اے) کے مطابق اے ٹی آر طیارہ سکھر سے اسلام آباد آرہا تھا، طیارے نے ایئرپورٹ سے 2 ناٹیکل میل کے فاصلے پر مے ڈے کی کال دی۔

ترجمان کا کہنا تھا کہ جہاز نے 10 بجکر 41 منٹ پر رن وے 28 ایل پر بحفاظت لینڈ کیا جہاز اپنی طاقت پر ٹیکسی کرتا ہوا 10 بج کر 51 منٹ پر پارکنگ بے پہنچا جبکہ فلائٹ کے دوران انجن نمبر 2 کو آگ لگنے کی وارننگ آئی، احتیاطاً انجن نمبر 2 کو بند کر دیا گیا اور طیارے کو ایک انجن پر بحفاظت لینڈ کروایا، طیارے میں 54 مسافر سوار تھے۔

سی اے اے ترجمان نے مزید کہا کہ مے ڈے کی کال ملنے کے بعد فوری طور پر ایمبولینس اور آگ بجھانے والی گاڑیوں کو تعینات کیا گیا اور طیارے نے رن وے پر لینڈ کیا، طے شدہ ایس او پیز کے مطابق پائلٹ کا میڈیکل ٹیسٹ لیا جائے گا۔