لاہور: (ویب ڈیسک) پاکستان سٹاک مارکیٹ میں کورونا وباء کے باعث غیر یقینی صورتحال نے ڈیرے ڈالے ہوئے ہیں، 100 انڈیکس ایک مرتبہ پھر 196.01 پوائنٹس گر گیا۔
تجزیہ کاروں کا کہنا ہے کہ سرمایہ کار کووڈ اور رمضان کے باعث محتاط رویہ اپنائے ہوئے ہیں، ساتھ ہی بجٹ کا انتظار بھی سرمایہ کاروں کو مزید سرمایہ کاری سے روکے ہوئے ہے۔
رواں ہفتے کے چوتھے کاروباری روز کے دوران پاکستان سٹاک مارکیٹ میں اُتار چڑھاؤ دیکھنے کو ملا، انڈیکس ایک موقع پر 44781.30 پوائنٹس کی نچلی سطح پر پہنچ گیا تھا تاہم کاروبار کا اختتام 196.01 پوائنٹس کی مندی پر ہوا، انڈیکس 45 ہزار کی نفسیاتی حد سے محروم ہو گیا اور 44863.11 پوائنٹس کی سطح پر پہنچ کر بند ہوا۔
پورے کاروباری روز کے دوران کاروبار میں 0.44 فیصد کی تنزلی دیکھی گئی اور 13 کروڑ 89 لاکھ 59 ہزار 463 شیئرز کا لین دین ہوا جس کے باعث سرمایہ کاروں کو 40 ارب روپے سے زائد کا نقصان برداشت کرنا پڑا۔