فیصل آباد: (دنیا نیوز) فیصل آباد کے گورنمنٹ جنرل ہسپتال سمن آباد کو 50 سے بڑھا کر 250 بیڈز کے درجے میں ترقی تو دے دی گئی مگر فنڈز 250 بیڈز کی مناسبت سے نہ بڑھنے کی وجہ سے ہسپتال میں ادویات سمیت دیگر طبی سہولیات کے فقدان کا سامنا کرنا پڑ رہا ہے۔
فیصل آباد کا گورنمنٹ جنرل ہسپتال سمن آباد مسائل کا شکار ہے جہاں ادویات اور دیگر طبی سہولیات کا فقدان شہریوں کے لئے اذیت کا باعث بن رہا ہے۔ میڈیکل سپریٹنڈنٹ ڈاکٹر وسیم کہتے ہیں فنڈز کی کمی سے تمام وارڈز تو فعال نہ ہوسکے ہیں البتہ جو فنڈز آتے ہیں انہی کے مطابق مریضوں کو سہولیات فراہم کردی جاتی ہیں۔
دوسری جانب ڈپٹی کمشنر فیصل آباد محمد علی کہتے ہیں کہ ہسپتال کو درپیش فنڈز کی کمی کو جلد ختم کرتے ہوئے تمام سہولیات کی فراہمی کو یقینی بنا دیا جائے گا۔
ہسپتال میں فنڈز کی کمی سے متعدد وارڈز بھی تاحال فعال نہ ہو سکے جسکی وجہ سے علاج معالجے کیلئے آنے والے مریض مایوس واپس لوٹنے پر مجبور ہیں۔