پاکستان کا ایران کیساتھ آزاد تجارتی معاہدہ پر نظر ثانی کا فیصلہ

Last Updated On 08 January,2019 07:51 pm

اسلام آباد: (دنیا نیوز) پاکستان نے ایران کے ساتھ آزاد تجارتی معاہدہ کرنے پر نظر ثانی کا فیصلہ کیا ہے، دونوں ممالک کے درمیان بینکاری کے شعبے کوئی نظام نہ ہونے سے تجارتی معاہدے میں کوئی پیش رفت نہیں ہوئی ہے۔

وزارت تجارت کے ذرائع کے مطابق پاکستان اور ایران کے درمیان آزاد تجارتی معاہدہ کھٹائی کا شکار ہو گیا ہے۔ دونوں ممالک کے درمیان بینکاری کے شعبے میں عدم تعاون اور امریکی پابندہاں معاہدے کی راہ میں بڑی رکاوٹ ہیں۔

ذرائع کے مطابق دسمبر 2016ء میں دونوں ممالک کے درمیان ایف ٹی اے کے حوالے سے مذاکرات شروع کئے گئے تھے تاہم ابھی تک اس حوالے سے کوئی پیش رفت نہیں ہو سکی ہے۔

پابندیوں کی وجہ سے مستقبل قریب میں تجارتی معاہدے کا کوئی امکان نظر نہیں آ رہا۔ دونوں ممالک کے درمیان تجارتی معاہدہ نہ ہونے سے دو طرفہ تجارت میں اضافے کے امکاناات معدوم ہو گئے ہیں۔

مجوزہ آزاد تجارتی معاہدے کے تحت 80 فیصد مصنوعات پر ڈیوٹیز میں رعایت دینے پر اتفاق کیا گیا تھا، دونوں ممالک کے درمیان سالانہ دو طرفہ تجارت 27 کروڑ ڈالر ہے۔