’امریکا نے 10 ممالک کو ایران سے تیل خریدنے کی اجازت دیدی‘

Last Updated On 02 November,2018 04:45 pm

واشنگٹن: (دنیا نیوز) امریکا نے دس ممالک کو ایران سے تیل خریدنے کی اجازت دے دی، حتمی اعلان آئندہ ہفتے کیا جائے گا۔

عالمی جریدے بلوم برگ کے مطابق امریکا نے دس ممالک کو ایران سے تیل خریدنے کی اجازت دے دی ہے، ان ممالک میں ساؤتھ کوریا، جاپان اور بھارت شامل ہیں۔

عالمی جریدے نے دعویٰ کیا ہے کہ ایران سے تیل کی خریداری کی دوڑ میں چین بھی امریکا سے بات کر رہا ہے۔ اعدادوشمار کے مطابق چین ایرانی تیل کی خریداری کرنے والا سب سے بڑا ملک ہے جو یومیہ 7 لاکھ 18 ہزار بیرل تیل خریدتا ہے جبکہ ایرانی تیل کی خریداری میں بھارت کا دوسرا نمبر ہے۔

بھارت یومیہ ایران سے 5 لاکھ 77 ہزار بیرل خام تیل کی خریداری کرتا ہے۔
عالمی جریدے نے دعویٰ کیا ہے کہ امریکا 10 ممالک کی حتمی فہرست پیر کے روز جاری کرے گا، اس کے علاوہ ایران پر پابندی کا اعلان بھی اُسی روز کیا جائے گا۔