ایران پر دباؤ ڈالنا چاہتے ہیں مگر اتحادیوں کو ناراض کرنا نہیں، جان بولٹن

Last Updated On 01 November,2018 08:34 pm

واشنگٹن: (دنیا نیوز) امریکی قومی سلامتی کے مشیر جان بولٹن پھر ایران مخالف بیانات داغنے لگے، کہتے ہیں ایران پر زیادہ سے زیادہ دباؤ ڈالنا چاہتے ہیں مگر یہ نہیں چاہتے ان اقدامات سے اتحادی ممالک کو تکلیف پہنچے۔

امریکی مشیر برائے قومی سلامتی کے دل میں ایران مخالف نفرت پھر جاگ اٹھی، جان بولٹن ایران کی انقلابی حکومت کا تختہ الٹنے کا خواب پہلے بھی دیکھ چکے ہیں۔

ہیملٹن سوسائٹی سے خطاب میں جان بولٹن نے کہا کہ ایران پر دباؤ تو ڈالنا چاہتے ہیں مگر یہ نہیں چاہتے کہ اس دباؤ سے دوست ممالک متاثر ہوں۔

اس سے قبل ایرانی صدر حسن روحانی یہ کہہ چکے ہیں کہ تہران امریکی پابندیوں سے خوفزدہ نہیں ہو گا، کئی یورپی اور ایشیائی ممالک کے نمائندوں سے رابطے میں ہیں۔

جان بولٹن نے کہا کہ میں دس سال سے کہہ رہا ہوں کہ امریکا کی یہ واضح پالیسی ہونی چاہیے کہ ایران کا تختہ الٹ دیا جائے، اگر ایرانی حکومت تبدیلی نہیں چاہتی تو اس کا واحد حل یہ ہے کہ ایرانی حکومت کو ہی تبدیل کر دیا جائے۔