سعودی عرب نے فلسطین اور لبنان میں انسانی بحران کو ناقابل برداشت قرار دیدیا

Published On 29 October,2024 06:07 am

بارسلونا: (ویب ڈیسک) سعودی عرب نے کہا کہ فلسطین اور لبنان میں انسانی بحران ناقابل برداشت حد تک پہنچ چکا ہے۔

میڈیا رپورٹ کے مطابق سعودی نائب وزیر خارجہ انجینئر ولید الخرائیجی نے ہسپانوی شہر بارسلونا میں منعقد ہونے والے بحیرہ روم کے لئے یونین کے نویں علاقائی فورم میں شرکت کے دوران گفتگو میں کہا کہ غزہ اور لبنان میں اسرائیلی جارحیت نے خطے کو ایک ایسے نازک دوراہے پر لا کھڑا کیا ہے جس نے بین الاقوامی برادری کو دو خطرناک انتخابوں کے سامنے لا کھڑا کیا ہے۔

انہوں نے مزید کہاکہ بین الاقوامی قانون کو برقرار رکھنے اور دو ریاستی حل کو فروغ دینے کے لئے مؤثر طریقے سے آگے بڑھنا ہوگا یا مزید خطرہ بڑھنے اور دکھوں کو گہرے ہونا دینا ہوگا جس سے خطے میں امن اور سلامتی کو برقرار رکھنے کی بین الاقوامی کوششوں کی ساکھ کو شدید نقصان پہنچے گا۔

سعودی نائب وزیر خارجہ نے مزید کہا کہ فلسطین اور لبنان میں انسانی بحران ناقابل برداشت حد تک پہنچ چکا ہے اور خطے کے حالات کو مزید خراب کرنے کی اجازت نہیں دی جا سکتی، معصوم شہریوں کو منظم طریقے سے نشانہ بنایا جا رہا ہے، انہیں زبردستی بے گھر کیا جا رہا ہے اور جان بوجھ کر تباہ کیا جا رہا ہے۔

انجینئر ولید الخراجی نے اقوام متحدہ اور اس کی ایجنسیوں کے شہریوں اور کارکنوں پر اسرائیل کے حملوں کی مملکت کی شدید مذمت کی، انہوں نے مغربی کنارے میں غیر قانونی بستیوں کی توسیع مسترد کرنے پر زور دیا۔