نیویارک: (دنیا نیوز) سابق امریکی صدر اور ری پبلکن پارٹی کے صدارتی امیدوار ڈونلڈ ٹرمپ سے امریکا کے دورے پر موجود اسرائیلی وزیر اعظم نیتن یاہو نے ملاقات کی۔
غیرملکی میڈیا رپورٹس کے مطابق سابق امریکی صدر اور اسرائیلی وزیر اعظم کی ملاقات کے دوران سیاسی صورتحال اور یرغمالیوں کے معاملے پر تبادلہ خیال کیا گیا، اس کے علاوہ کملا ہیرس کے بیان پر بھی دونوں رہنماؤں نے گفتگو کی۔
ملاقات کے دوران سابق امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے امریکی نائب صدر اور ڈیموکریٹ پارٹی کی صدارتی امیدوار کے اسرائیل سے متعلق بیان پر ردعمل دیتے ہوئے کہا کہ کملا ہیرس کا بیان توہین آمیز ہے۔
ڈونلڈ ٹرمپ نے مزید کہا ہے کہ نیتن یاہو سے میرے تعلقات بہت ہی اچھے ہیں، ملاقات کے موقع پر اسرائیلی وزیر اعظم نیتن یاہو کا کہنا تھا کہ یرغمالیوں کی رہائی کیلئے وفد اگلے ہفتے روم جائے گا۔
قبل ازیں نائب امریکی صدر کاملا ہیرس سے بھی اسرائیلی وزیر اعظم نے ملاقات کی جس میں کاملا ہیرس نے غزہ میں اموات پر شدید تحفظات کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ غزہ کی صورتحال پر خاموش نہیں رہیں گے۔
کملاہیرس نے اسرائیلی وزیر اعظم پر زور دیتے ہوئے کہا کہ غزہ جنگ بندی معاہدہ کرنے کا وقت آگیا ہے، معاہدے کیلئے اقدامات کریں اس سے فلسطینی شہریوں کی مشکلات میں آسانی پیدا ہوگی۔
ملاقات کے بعد گفتگو کرتے ہوئے کملا ہیرس کا کہنا تھا کہ انہوں نے غزہ میں انسانی بحران پر بات چیت کی ہے، اسرائیل کو اپنے دفاع کا حق حاصل ہے لیکن وہ کس طرح سے اپنا دفاع کرتا ہے اس بات سے فرق پڑتا ہے۔