نیویارک : (ویب ڈیسک ) امریکی صدارت کے لیے ری پبلکن پارٹی کے نامزد امیدوار ڈونلڈ ٹرمپ نے امریکا کے حریف ایران کے خاتمے کا موضوع چھیڑ دیا ہے۔
عرب میڈیا رپورٹس کے مطابق جمعرات کے روز سوشل میڈیا پر ایک پوسٹ میں ٹرمپ نے ٹروتھ سوشل نیٹ ورک پر لکھا کہ "اگر انھوں نے صدر ٹرمپ کو قتل کر دیا اور یہ امکان ہمیشہ رہتا ہے، تو میں امید کرتا ہوں کہ امریکا … ایران کو صفحہ ہستی سے مٹا دے گا، اگر ایسا نہ ہوا تو امریکی قیادت کو بزدل اور شجاعت سے خالی شمار کیا جائے گا"۔
ٹرمپ کی اس پوسٹ میں کانگریس میں اسرائیلی وزیر نیتن یاہو کے خطاب کا وڈیو کلپ بھی منسلک کیا گیا ہے، اس میں نیتن یاہو نے ٹرمپ کو نشانہ بنانے والے منصوبے کے بارے میں دعویٰ کیا کہ یہ ایران کا تھا۔
گزشتہ ہفتے امریکی میڈیا کے مطابق سیکرٹ سروس کے اداروں نے حالیہ ہفتوں میں ٹرمپ کے لیے حفاظتی اقدامات بڑھا دیے ہیں، یہ پیش رفت سابق صدر کے قتل کیلئے ایرانی منصوبے کے "خطرے" کا انکشاف ہونے کے بعد سامنے آئی ، البتہ یہ بھی باور کرایا گیا ہے کہ مذکورہ منصوبے کا ٹرمپ پر ہونے والے حالیہ قاتلانہ حملے سے کوئی تعلق نہیں ہے۔
میڈیا رپورٹس کے مطابق واشنگٹن اور ایران کے درمیان کشیدہ تعلقات اپنی انتہا کو پہنچ گئے کیونکہ تہران پاسداران انقلاب کے کمانڈر قاسم سلیمانی کی 2020 میں ہلاکت کا انتقام لینے کی کوششوں میں ہے ، سلیمانی کو ٹرمپ کے حکم پر ہلاک کیا گیا جو اس وقت امریکا کے صدر تھے۔
اس سے قبل ایرانی ذمے داران نے کہا تھا کہ ٹرمپ کی جانب سے نئی پابندیاں عائد کیے جانے کے بعد دونوں ملکوں کے بیچ سفارتی راستہ ہمیشہ کے لیے بند ہو گیا ہے۔