یروشلم : (ویب ڈیسک ) اسرائیل پر غزہ جنگ کو 42 واں روز ہے ، یہ جنگ اسرائیل کو کافی مہنگی پڑرہی ہے اور اس کے اثرات معیشت پر نظر آنے لگے ہیں ۔
میڈیا رپورٹس کے مطابق اسرائیلی مرکزی بینک کے مطابق جنگ کے سبب اسرائیلی معیشت کو یومیہ 26 کروڑ ڈالرز کا نقصان ہو رہا ہے اور غزہ جنگ کی وجہ سے اسرائیلی معیشت کو 50 ارب ڈالرز کا نقصان ہو سکتا ہے۔
اسرائیل کی وزارتِ افرادی قوت کی جانب سے کہا گیا ہے کہ غزہ پر جنگ کی وجہ سے ورک فورس میں 20 فیصد کمی آگئی ہے۔
برطانوی میڈیا کے مطابق جنگ کے باعث اسرائیل کی کرنسی شیکل 2012ء کے بعد کم ترین سطح پر آ چکی ہے ، جنگ کے بعد امریکی ڈالر کے مقابلے اسرائیلی کرنسی کی قدر میں 0.7 فیصد کمی ہوئی ہے۔
عرب میڈیا کے مطابق اسرائیل کی 500 ارب ڈالر کی معیشت مشرق وسطیٰ کی بڑی معیشتوں میں سے ایک ہے، غزہ میں اسرائیل کی جنگ اسرائیلی معیشت کو نقصان پہنچانےکا سبب بن رہی ہے۔
عالمی بینک بھی غزہ جنگ کے دنیا کی معیشت پر سنگین اثرات مرتب ہونے سے خبردار کرچکا ہے۔