غزہ: (دنیا نیوز) حماس نے غزہ کے الشفا ہسپتال کے اندر اپنا کنٹرول روم اور مرکز قائم ہونے کے حوالے سے امریکا اور اسرائیل کے دعوؤں کی تردید کر دی۔
حماس کے ترجمان اسامہ ہمدان نے بیروت میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے کہا ہے کہ غزہ میں الشفا ہسپتال کے اندر حماس کا کوئی کنٹرول روم اور مرکز نہیں، ہسپتال سے متعلق دعوؤں میں کوئی حقیقت نہیں، حماس کی غزہ کے کسی الشفا ہسپتال میں کوئی عسکری سرگرمی نہیں۔
دوسری جانب اسرائیلی فوج نے کئی روز سے الشفا ہسپتال کو گھیرے میں لیا ہوا ہے اور اس کے اندر موجود ڈاکٹرز بجلی کے جنریٹرز کیلئے ایندھن نہ ہونے کے باعث مریضوں کا علاج کرنے سے قاصر ہیں۔
اسرائیلی فوج کی جانب سے جاری بیان میں کہا گیا ہے کہ انٹیلی جنس اطلاعات کی بنیاد پر فوج الشفا ہسپتال میں حماس کیخلاف ٹارگٹڈ آپریشن کر رہی ہے، ہسپتال کو کمانڈ سینٹر کے طور پر استعمال کیا جا رہا ہے اور اس کے نیچے موجود سرنگوں میں یرغمالیوں کو رکھا جاتا ہے۔