غزہ : (دنیانیوز) حماس کے سیاسی دفتر کے سینئر رہنما موسیٰ ابو مرزوق نے کہا ہے کہ اسرائیل کیخلاف جنگ میں ایران، حزب اللہ اور تمام حامی قوتوں کو شرکت کیلئے آمادہ کریں گے۔
عرب ٹی وی کو انٹرویو دیتے ہوئے انہوں نے کہا کہ عملاً حالیہ جنگ حماس جیت چکی ہے۔
موسیٰ ابو مرزوق نے مزید کہا کہ عرب اسرائیل کشیدگی کی تاریخ میں پہلی مرتبہ اتنی بڑی تعداد میں اسرائیلی ہلاک اور قیدی بنے۔ روس اور چین سمیت کئی ہمدرد ممالک نے فلسطینی عوام کی حمایت کیلئے صف بندی کی ہے۔
حماس رہنما نے مزید کہا کہ جنگ بندی کیلئے دوست اور برادر عرب ممالک سے امیدیں باندھی ہوئی ہے۔
اسرائیلی قیدیوں کی رہائی جنگ بندی سے مشروط
حماس نے اسرائیلی قیدیوں کی رہائی جنگ بندی سے مشروط کردی ، حماس رہنما نے کہا کہ غزہ پہنچائے جانے والے اسرائیلی شہریوں کو ڈھونڈنے کے لیے وقت درکار ہے جس کے لیے پرامن ماحول کی ضرورت ہے۔
یہ بھی پڑھیں :اقوام متحدہ نے مظلوم فلسطینیوں کے حق میں قرارداد منظور کر لی، اسرائیل کی شدید تنقید
ابو حامد نے کہا کہ غزہ میں اسرائیلی بمباری کے نتیجے میں اب تک 50 اسرائیلی قیدی ہلاک ہوچکے ہیں۔حماس کی جانب سے اب تک 4قیدیوں کو رہا کیا جا چکا ہے۔
واضح رہے کہ اسرائیلی فضائی حملوں میں اب تک شہید فلسطینیوں کی تعداد 7 ہزار 326 ہو چکی ہے ، اسرائیلی فوج نے غزہ میں زمینی آپریشن مزید وسیع کرنے کا اعلان کیا ہے۔