غزہ : (ویب ڈیسک ) غزہ میں جہاں نہتے فلسطینیوں پراسرائیلی بمباری جاری ہے وہیں سوشل میڈیا پلیٹ فارمز پر بھی ایک مختلف نوعیت کی جنگ چھڑی ہوئی ہے جہاں اسرائیلی ٹک ٹاکرز فلسطینیوں کے مصائب پر ان کا مذاق اڑاتے نظر آرہے ہیں ۔
7 اکتوبر کو حماس کے حملے کےبعد جوابی کارروائی میں اسرائیلی فورسز غزہ پر مسلسل بمباری کررہی ہیں جس کے نتیجے میں 7 ہزار سے زائد افراد شہید ہوچکے جن میں زیادہ تعداد بچوں کی ہے۔
اس وقت غزہ لہولہوہے اور ہر طرف تباہی و ملبے کے ڈھیر نظر آرہے ہیں ، غزہ کواسرائیل نے گزشتہ تین ہفتے سے پانی اور بجلی سے محروم کر رکھا ہے وہیں غزہ میں صحت کا نظام بھی غیر فعال جبکہ ایندھن ختم ہونے کے باعث تمام ہسپتال بھی بند ہونے کے قریب ہیں ۔
اسرائیلی جارحیت کا شکار ہونیوالے فلسطینیوں کی حالت زار پر پوری دنیا درد اور کرب میں مبتلا ہے اور سراپا احتجاج بھی ، تاہم ایسے میں کچھ اسرائیلی ٹک ٹاکرز ’بے حسی‘ کی مثال قائم کرتے ہوئے پانی، بجلی اور خوراک سے محروم فلسطینیوں کا مذاق اڑا رہے ہیں۔
ان ویڈیوز کو سوشل میڈیا پر اشتعال انگیز اور غیر انسانی قرار دیا جارہا ہے حتی کہ وائرل ویڈیوز میں اسرائیلی ٹک ٹاکرز اپنے بچوں کو بھی شامل کرتے ہوئے فلسطینیوں کی محرومیوں کا مذاق اڑاتے نظر آئے ۔
عرب میڈیا کی جانب سے شئیر کی گئی ان ویڈیوز میں دیکھا جاسکتا ہے کہ اسرائیلی ٹک ٹاکرز اپنے کمرے کی لائٹ بار بار آن/آف کررہے ہیں، کچھ ویڈیو میں انہیں نلکے سے پانی پیتےاور ضائع کرتے بھی دیکھا گیا۔
ایک اور ویڈیو میں دیکھا گیا کہ اسرائیلی خاتون ٹک ٹاکر فلسطینی خواتین کے جیسا لباس پہن کر کیچپ، پاؤڈر اور میک اپ کے ذریعے اپنے چہرے پر جعلی خون کے دھبے بناتی ہیں جس سے ظاہر ہوتا ہے کہ وہ غزہ میں زخمی بچوں اور خواتین کو طنز و طعن کا نشانہ بنارہی ہے۔
Videos of Israeli content creators making fun of Palestinians suffering without water, and electricity in Gaza are going viral pic.twitter.com/nwnC4kucMb
— Al Jazeera English (@AJEnglish) October 26, 2023
ایوا نامی اسرائیلی میک اپ آرٹسٹ اپنی ویڈیو میں فلسطینی ماؤں کا بھی مذاق اڑا رہی ہیں، اپنی ویڈیو میں ٹک ٹاکر ہاتھ میں گریپ فروٹ لیے یہ دکھانے کی کوشش کرہی ہیں کہ اصل میں فلسطینی ماؤں کے بچے مارے نہیں جارہے۔
غزہ میں پانی، خوراک اور بجلی سے محروم فلسطینیوں کا مذاق اڑانے والی ویڈیوز سوشل میڈیا پر وائرل ہونے کے بعد اسرائیلی ٹک ٹاکرز کو شدید تنقید کا بھی سامنا کرنا پڑرہا ہے۔
سماجی رہنما اور لکھاری فاطمہ بھٹو نے سماجی پلیٹ فارم ایکس پر لکھا کہ کوئی برابری نہیں ہے، کوئی اخلاقی مساوات نہیں ہے، میڈیا میں غیرجانبداری نہیں ہے، اگر کچھ ہے تو بجلی، بھوک، پانی اور طبی امداد سے محروم غزہ کے متاثرین کو دیکھ کر جوہری سپر پاور ممالک کے شہری لطف اندوز ہورہے ہیں۔
There is no parity, there is no moral equivalence, there is no media balance, there is only this: a gloating, nuclear superpower delighting in a people s suffering and their victims, being starved and denied water, electricity and vital medical care https://t.co/rpWFJpahb8
— fatima bhutto (@fbhutto) October 26, 2023
دوسری جانب عرب میڈیا کی رپورٹ کے مطابق غزہ سے متعلق ویڈیوز پوسٹ کرنے والے متعدد اکاؤنٹس کو بھی بند کردیا گیا ہے ۔
حال ہی میں اسی طرح کی متعدد ویڈیوز فلسطینیوں کے مصائب کا مذاق اڑانے کے لیے پھیلائی گئی ہیں۔