کراچی: (دنیا نیوز) سمندری طوفان بپر جوائے بھارتی گجرات کے ساحل اور پاک، بھارت سرحد کے درمیان ٹکرا گیا، طوفان کے لینڈ فال کا عمل کئی گھنٹوں تک جاری رہے گا۔
ہواؤں کی رفتار 120 کلومیٹر فی گھنٹہ ریکارڈ کی گئی ہے، طوفان کے اطراف میں لہروں کی اونچائی 20 سے 25 فٹ تک ہے، کیٹی بندر اور اس کے اطراف میں لہروں کی اونچائی 10 سے 12 فٹ ہونے کا امکان ہے جبکہ سندھ کے ساحلی علاقوں میں لہریں دو سے اڑھائی میٹر اونچی ہیں۔
بلوچستان کے ساحلی علاقوں کنڈ ملیر، حب، سومیانی اور مارہ کے اطراف میں لہروں کی بلندی 2 میٹر تک ہے، طوفان کا فاصلہ کراچی سے 245 کلومیٹر، ٹھٹھہ سے 200 کلومیٹر اور کیٹی بندر سے 150 کلومیٹر ہے۔