طوفان بپرجوائے: بھارتی ریاست گجرات میں ایمرجنسی نافذ

Published On 15 June,2023 10:38 am

نئی دہلی : (دنیانیوز) سمندری طوفان بپرجوائے بھارتی ریاست گجرات کے ساحل سے 200کلو میٹر کے فاصلے پر ہے۔

بھارتی میڈیا کے مطابق سمندری طوفان بپرجوائے کے باعث بھارتی گجرات میں آندھی اور تیز ہوائیں چلنے لگی ہیں ، طوفان شام 4سے 8بجے کے درمیان جاکھاؤ پورٹ سے قریب سوراشٹر کے ساحلوں کو عبور کرے گا۔

بھارتی میڈیا کے مطابق  طوفان  میں 115سے125 کلومیٹر فی گھنٹہ کی رفتار سے ہوا چل رہی ہے جبکہ یہ رفتار مزید بڑھنے کی توقع ہے ۔

بھارتی محکمہ موسمیات کا کہنا ہے کہ طوفان کے ساحل کے قریب آنے سے بارش کی شدت میں اضافہ ہوگا جبکہ دیو بھومی دوارکا اور جام نگر کے اضلاع میں زیادہ بارش ہونے کا امکان ہے ۔

بھارتی میڈیا کے مطابق طوفان کے پیش نظر تقریباً 120 دیہاتوں سے ہزاروں افراد کو محفوظ مقامات پر منتقل کر دیا گیا ہے ، کچھ، جام نگر، موربی، راجکوٹ، دیو بھومی دوارکا، جوناگڑھ، پوربندر اور گر سومناتھ میں عارضی پناہ گاہیں قائم کردی گئی ہیں ۔

یہ بھی پڑھیں :بپرجوائے : بھارتی ریاست گجرات میں ریڈالرٹ جاری

بھارتی میڈیا کا کہنا ہے کہ ریاستی ڈیزاسٹر رسپانس فورس اور دیگر محکموں سے سیکڑوں امدادی ٹیمیں مختلف اضلاع میں تعینات کردی گئی ہیں جبکہ سمندری طوفان کے قریب آنے کے پیش نظر بحریہ کی ٹیمیں بھی اسٹینڈ بائی پر ہے ۔

بھارتی میڈیا کے مطابق ہنگامی حالات اور مسافروں کی حفاظت کے پیش نظر ملحقہ علاقوں میں 76 ٹرینیں بھی منسوخ کردی گئی ہیں ۔

خیال رہے کہ بھارتی حکام کا کہنا ہے کہ بپرجوائے بھارت سے ٹکرانے والا سب سے شدید سمندری طوفان ثابت ہوسکتا ہے۔