بپر جوائے: بجلی کی پیداوار میں کمی، ایل این جی کی ترسیل بھی متاثر

Published On 14 June,2023 05:58 pm

کراچی: (دنیا نیوز) سمندری طوفان " بپر جوائے" کے اثرات بجلی کی پیداوار پر بھی پڑنے لگے، سمندر میں ایل این جی کی ترسیل بھی متاثر ہوگئی۔

ذرائع کے مطابق طوفانی ہواوں سے ونڈ پاور پلانٹس بند کر دیے گئے، ایٹمی پاور پلانٹس کی پیداوار بھی کم کر دی گئی جس سے بجلی کا شارٹ فال بڑھ کر 7 ہزار 284 میگاواٹ ہو گیا۔

بجلی کی مجموعی پیداوار 19 ہزار 252 میگاواٹ اور طلب 26 ہزار 5 سو میگاواٹ ہے، پن بجلی کی پیداوار 5 ہزار 6 سو میگاواٹ ہے جبکہ سرکاری تھرمل پاور پلانٹس 850 میگاواٹ بجلی پیدا کر رہے ہیں۔

یہ بھی پڑھیں: بپر جوائے کراچی سےچند سو کلو میٹر دور،لہریں بلند،ساحلی علاقوں میں حالات بگڑنے لگے

ذرائع کا کہنا ہے کہ نجی شعبے کے بجلی گھروں کی پیداوار 10 ہزار 5 سو میگاواٹ ہے، ونڈ پاور پلانٹس سے صرف 100 میگاواٹ بجلی پیدا ہو رہی ہے، سولر بجلی گھروں کی پیداوار 82 میگاواٹ ہے۔

مزید برآں بگاس سے 120 میگاواٹ بجلی پیدا کی جا رہی ہےجبکہ نیوکلیئر پاور پلانٹس کی پیداوار 2 ہزار میگاواٹ ہے، ملک بھر میں 12 گھنٹے تک لوڈ شیڈنگ کی جا رہی ہے۔