ٹوکیو: (ویب ڈیسک) جاپان کی کابینہ نے تارکین وطن ملازمین کیلئے طویل مدتی ورک ویزا جاری کرنے سے متعلق منصوبہ منظور کر لیا۔
جاپان کی متعدد صنعتوں میں غیر ملکی ملازمین کی تعداد میں اضافے کے منصوبے کی منظوری دی گئی ہے جس کے مطابق ملک میں ملازمین کی شدید قلت سے نمٹنے کے لیے ہنر مند غیر ملکی کارکنوں کو طویل مدتی ورک ویزا کی پیشکش کی جائے گی۔
وزیر اعظم فومیو کیشیدا نے کابینہ میں جاپان میں غیر ملکی ملازمین کی ضرورت پر زور دیا اور کہا کہ ملک میں ملازمین کی شدید کمی کو دور کرنے کے لیے غیر ملکی ملازمین کی موجودگی ناگزیر ہے۔
جاپانی وزیر اعظم نے یہ بھی کہا کہ اس منظور شدہ منصوبے کو 11 بڑی صنعتوں تک پھیلانا ہے جس میں ماہی گیری، زراعت، اور ہوٹلز کے شعبہ جات بھی شامل ہیں۔
فومیو کیشیدا کے مطابق یہ منصوبہ کلاس 1 کے ویزا ہولڈرز کو طویل مدتی رہائش کے لیے درخواست دینے کا اہل بھی بناتا ہے، منصوبہ اس موسم خزاں سے نافذ العمل ہو جائے گا۔