ٹوکیو : (ویب ڈیسک ) امریکی صدر بائیڈن نے جاپانی وزیراعظم فومیو کشیدہ سے ملاقات میں دونوں رہنماؤں نے خطے میں بڑھتے چینی اثر و رسوخ کے خلاف امریکا جاپان دفاعی تعاون بڑھانے پر اتفاق کیا ہے ۔
جی سیون ممالک کا اجلاس آج سے جاپان کے شہر ہیروشیما میں شروع ہو رہا ہے جس میں شرکت کے لئے امریکی صدرجوبائیڈن، برطانوی وزیراعظم سمیت دیگر رُکن ممالک کے سربراہان ہیروشیما پہنچ گئے۔
وائٹ ہاؤس کے مطابق جاپانی شہر ہیروشیما میں امریکی صدر کی جاپانی وزیراعظم سے ملاقات میں روس، یوکرین اور چین سے متعلق مسائل پر بات کی گئی۔
جاپانی وزیراعظم کا کہنا تھا کہ صدر بائیڈن کے ساتھ روس کے خلاف یوکرین کی حمایت اور روس کے خلاف پابندیاں جاری رکھنے پر اتفاق ہوا ہے۔
دونوں رہنماؤں کی ملاقات میں امریکا جاپان مشترکہ مسائل پر مل کر کام کرنے پر زور دیا گیا اور خطے میں چین کے بڑھتے اثر و رسوخ پر بھی تبادلہ خیال کیا گیا۔
یہ بھی پڑھیں :جی سیون اجلاس، روس پرمزید پابندیاں عائد ہونے کا امکان
دوسری جانب جی سیون رکن ممالک نے روس کی ہیروں کی تجارت کو نشانہ بنانے کیلئے نئی پابندیاں لگانے کی تیاریاں کر لی ہے ، امریکا اور یورپی یونین نے روس کے خلاف پہلے ہی سخت ترین پابندیاں عائد کررکھی ہیں مگر ماہرین کا کہنا ہے کہ موجودہ پابندیوں کو بالخصوص تیل اور توانائی کے شعبے میں مزید سخت کیا جائے گا۔
واضح رہے کہ جاپان کے شہر ہیروشیما میں جی سیون اجلاس 19 سے 21 مئی تک جاری رہے گا۔