کیف: (دنیا نیوز) یوکرین میں مہاجرین کا بحران سنگین ہوتا جارہا ہے، اقوام متحدہ کے مطابق اب تک چھ لاکھ ساٹھ ہزار شہری ملک سے باہر جا چکے ہیں۔ اقوام متحدہ نے عالمی برادری سے ایک اعشاریہ سات ارب ڈالر انسانی امداد کا مطالبہ کیا ہے۔
روس یوکرین جنگ سے عام شہری شدید متاثر ہیں ور جان بچانے کے لئے لوگوں کی بڑی تعداد ملک چھوڑنے پر مجبور ہو گئی ہے۔ عالمی ادارہ برائے مہاجرین کا کہنا ہے کہ اب تک 6 لاکھ 60 ہزار افراد یوکرین سے نقل مکانی کرچکے ہیں۔ پناہ گزینوں میں عورتوں اور بچوں کی بڑی تعداد شامل ہے۔ ہمسایہ ملک پولینڈ میں داخلے کے لئے لوگوں کو 60 گھنٹے تک انتظار کرنا پڑتا ہے جبکہ رومانیہ کی سرحد پر پناہ گزینوں کی 20 کلومیٹر لمبی قطاریں لگ گئیں۔
اقوام متحدہ کے تخمینے کے مطابق یوکرین کے اندر 10 لاکھ افراد اپنا گھر بار چھوڑ کر دوسرے علاقوں میں جانے پر مجبور ہوگئے، یوکرینی پناہ گزینوں کی پولینڈ آمد بڑے پیمانے پر جاری ہے، شہری ٹرین اور سڑک کے ذریعہ سرحد عبور کر رہے ہیں۔
پولش وزیر خارجہ کے مطابق وارسا اب تک تقریباً4 لاکھ پناہ گزینوں کو جگہ دے چکا ہے۔ اقوام متحدہ نے مہاجرین کی امداد کے لئے مزید امداد کا مطالبہ کردیا ہے، اقوا م متحدہ کے ادارہ برائے انسانی امور اور ایمر جنسی ریلیف کے نمائندہ خصوصی مارٹن گریفتھس کا کہنا ہے کہ مہاجرین کے بحران سے نمٹنے کے لئے ایک اعشاریہ سات ارب ڈالر درکار ہیں۔