افغان طالبان بھی ٹرمپ کی صدارتی انتخابات میں کامیابی کیلئے پرامید

Published On 12 October,2020 10:21 am

کابل: (دنیا نیوز) افغان طالبان بھی صدر ٹرمپ کی صدارتی انتخابات میں کامیابی کے لیے پرامید ہیں، طالبان ترجمان ذبیح اللہ مجاہد نے ان خیلات کا اظہار امریکی ٹی وی سے بات چیت کرتے ہوئے کیا۔

امریکی ٹی وی نیٹ ورک کو انٹرویو میں طالبان ترجمان نے کہا کہ ڈونلڈ ٹرمپ صدارتی انتخابات جیت جائیں گے اور افغانستان سے تمام امریکی فوجیوں کو بھی نکال لیں گے۔

ایک دوسرے طالبان لیڈر کا سی بی ایس نیوز سے گفتگو کرتے ہوئے کہنا تھا کہ جب انہوں نے ٹرمپ کو کورونا وائرس میں مبتلا ہونے کے بارے میں سنا تو وہ ان کی صحت کے بارے میں پریشان ہو گئے تھے۔

واضح رہے کہ صدر ٹرمپ نے چند روز قبل تمام امریکی فوجیوں کو کرسمس تک افغانستان سے امریکہ واپس بلوانے سے متعلق بیان دیا تھا، دراصل یہ طالبان کا دیرینہ مطالبہ ہے جو ٹرمپ کو بھی امریکی داخلی سیاست کے سبب اپنی انتخابی مہم کا حصہ بنانا پڑا ہے۔

طالبان نے صدر ٹرمپ کے اس بیان کو خوش آئند اور افغان امن معاہدے کی کامیابی سے متعلق اہم پیش رفت قرار دیا تھا۔ یاد رہے کہ امریکہ نے 2001 میں افغانستان پر حملہ کیا تھا جس کے باعث لاکھوں افغان شہری جاں بحق و زخمی ہو چکے ہیں۔