صدر ٹرمپ سے کورونا وائرس دوسروں کو منتقل ہونے کا کوئی خطرہ نہیں، ڈاکٹر شان کونلے

Published On 11 October,2020 09:16 am

واشنگٹن: (دنیا نیوز) کورونا وائرس صدر ٹرمپ سے دوسروں کو منتقل ہونے کا کوئی خطرہ نہیں ہے، امریکی صدر کے معالج ڈاکٹر شان کونلے نے ٹرمپ کی صحت کے بارے میں اپ ڈیٹ کر دیا۔ ڈاکٹر کی رپورٹ میں کہا گیا ہے کہ صدر ٹرمپ کے تازہ ترین ٹیسٹ میں وائرس کے فعال ہونے کا کوئی ثبوت نہیں ملا۔

وائٹ ہاؤس کے طبی عملے نے صدر ٹرمپ کی کورونا وائرس سے متعلق رپورٹ جاری کر دی، ڈاکٹر شان کونلے کا کہنا ہے کہ صدر ٹرمپ کو مزید آئسولیشن میں رہنے کی ضرورت نہیں۔

پی سی آر ٹیسٹ کیلئے دوبارہ نمونہ لیا گیا، ٹیسٹ کے مطابق جراثیم میں کمی واقع ہوئی ہے، بیان میں صدر ٹرمپ کا کورونا ٹیسٹ منفی آنے کے حوالے سے کچھ نہیں کہا گیا۔

صدر ٹرمپ کا کورونا میں مبتلا ہونے کے بعد پہلے عوامی اجتماع سے خطاب میں کہنا ہے کہ اگر جوبائیڈن کو صدارت ملی تو امریکا سوشلسٹ ملک بن جائے گا۔ ان کا مزید کہنا تھا کہ ڈیموکریٹک ووٹرز بھی ان کے خیالات سے مکمل طور پر آگاہ نہیں۔

ادھر ڈیموکریٹک صدارتی امیدوار جوبائیڈن نے کہا ہے کہ صدر ٹرمپ نئے ٹیسٹ کے بارے میں آگاہ کریں اور لوگوں کو خود سے فاصلہ رکھنے کا بھی کہیں۔