امریکا کورونا کے سامنے بے بس، ایک دن میں مزید 2 ہزار 341 افراد ہلاک

Last Updated On 23 April,2020 11:02 am

واشنگٹن: (دنیا نیوز) امریکا کورونا کے سامنے بے بس ہو گیا، ایک دن میں مزید 2 ہزار 341 افراد ہلاک ہوگئے، اب تک 47 ہزار 676 افراد جان سے گئے، آٹھ لاکھ سے زائد شہری مہلک وائرس کا شکار ہیں۔

امریکا میں کورونا سے مزید 2341 افراد لقمہ اجل بن گئے۔ ہلاکتوں کی تعداد 47 ہزار 659 ہو گئی۔ 8 لاکھ 48 ہزار 717 افراد کورونا کا شکار ہو چکے ہیں۔

ریاست اوہائیو کی ایک جیل میں 78 فیصد قیدیوں میں وائرس کی تصدیق ہوئی ہے۔ نیویارک کورونا سے سب سے زیادہ متاثرہ ریاست ہے جہاں دو پالتو بلیوں میں کورونا وائرس کی تشخیص ہوئی ہے۔

صدر ٹرمپ کا کہنا ہے کہ اگر یہ وائرس دوبارہ ملک میں سر اٹھاتا ہے تو اس کی شدت وہ نہیں ہو گی جو اس بار تھی۔ امریکی وزیر خارجہ مائیک پومپیو نے ایک پریس بریفنگ میں چین پر ملک میں کورونا وائرس کے موجودہ نمونوں کو ضائع کرنے اور امریکا کے ساتھ وائرس کے نمونے کا تبادلہ نہ کرنے کا الزام عائد کیا ہے۔

ان کا کہنا تھا چین ملک میں موجود کورونا کے نمونوں کو ضائع کر رہا ہے جس کے باعث وائرس کی ابتدا کا پتا لگانا ناممکن ہو جائے گا۔