دنیا بھر میں کورونا مریضوں کی تعداد 27 لاکھ سے بڑھ گئی، ایک لاکھ 91 ہزار ہلاکتیں

Last Updated On 24 April,2020 09:20 am

نیویارک: (دنیا نیوز) دنیا بھر میں کورونا وائرس کے مریضوں کی تعداد 27 لاکھ سے بڑھ گئی، ایک لاکھ 91 ہزار اموات ہو چکی ہیں، ترکی ایک لاکھ کیسز والا ساتواں ملک بن گیا جبکہ جرمنی ایک لاکھ صحت یاب شہریوں والا پہلا ملک ہے۔

پوری دنیا خطرناک وائرس کورونا کی لپیٹ میں، امریکا کے بعد کورونا وائرس کے مریضوں کی سب سے بڑی تعداد اسپین میں ہے جہاں 2 لاکھ 13 ہزار سے زائد مریض سامنے آ چکے ہیں۔ اٹلی میں ایک لاکھ 89 ہزار 973، فرانس میں ایک لاکھ 58 ہزار 183، جرمنی میں ایک لاکھ 53 ہزار 129، برطانیہ میں ایک لاکھ 38 ہزار 78 اور ترکی میں ایک لاکھ ایک ہزار 790 کورونا مریضوں کی تصدیق ہو چکی ہے۔

جاپان میں اٹلی کے کروز شپ سے 91 افراد میں کورونا وائرس کی تشخیص ہو گئی۔ چین میں گذشتہ ایک ہفتے سے کورونا سے کوئی ہلاکت نہیں ہوئی ہے۔
انڈونیشیا نے آج سے جون تک فضائی اور بحری سفر پر پابندی عائد کر دی گئی۔

عالمی ادارہ صحت کے مطابق یورپ میں ہونے والی آدھے سے زیادہ اموات کیئر ہومز میں ہوئی ہیں۔ جرمن چانسلر انجلا مرکل نے خبردار کیا ہےکہ وائرس کے ساتھ طویل عرصے کے لیے رہنا پڑ سکتا ہے۔