جنیوا: (دنیا نیوز، ویب ڈیسک) عالمی ادارہ صحت نے کورونا وائرس کے خطرات سے آگاہ کرتے ہوئے کہا ہے کہ یہ وبا طویل مدت پر موجود رہے گی، دنیا غلط فہمی میں نہ رہے۔
سربراہ عالمی ادارہ صحت کی جانب سے جاری اہم بیان میں کہا گیا ہے کہ ہمیں کورونا وائرس وبا پر قابو پانے کے لئے طویل سفر طے کرنا ہے۔ افریقا سمیت متعدد ممالک میں اس کا ابھی آغاز ہوا ہے۔
انہوں نے بتایا کہ سوڈان میں پچھلے ہفتے کورونا وائرس کیسز کی تعداد میں 250 فیصد جبکہ صومالیہ میں اس کے کیسز میں تقریباً 300 فیصد اضافہ ہوا ہے۔
ان کا کہنا تھا کہ عالمی ادارہ صحت نے درست وقت پر کورونا وائرس ایمرجنسی کا اعلان کیا تھا۔ ممالک کے پاس اس وبا پر قابو سے متعلق اقدامات کے لئے کافی وقت موجود تھا۔
دوسری جانب عالمی ادارہ صحت نے شواہد کی بنیاد پر کورونا وائرس کو قدرتی قرار دیدیا ہے۔ ترجمان فدیلا صیب نے کہا ہے کہ حالیہ عرصے میں میڈیا پر نوول کورونا وائرس کے ماخذ کے بارے میں افواہیں پھیل رہی ہیں۔ تاہم شواہد واضح کرتے ہیں کہ یہ وائرس لیبارٹری کی پیداوار نہیں بلکہ قدرتی ہے۔
انہوں نے میڈیا بریفنگ کے دوران کہا کہ عالمی برادری کو اس وقت وبا کے ساتھ ساتھ افواہوں کا چیلنج بھی درپیش ہے۔ حالیہ دنوں میڈیا میں کورونا وائرس کے ماخذ کے بارے میں بے شمار افواہوں کا پھیلنا انتہائی مضحکہ خیز ہے۔
ان کا کہنا تھا کہ موجودہ حقائق ثابت کرتے ہیں کہ یہ وائرس جانور سے منتقل ہوا۔ ممکنہ طور پر چمگادڑ وائرس کا ماخذ ہے اور یہ وائرس کیسے انسان میں منتقل ہوا؟ اس کی تحقیق جاری ہے۔
انہوں نے کہا کہ چمگادڑ اور انسان کے درمیان ایک اور جاندار بھی ہو سکتا ہے جو وائرس کی منتقلی کا سبب ہے۔ دنیا بھر میں محققین اس حوالے سے تحقیق میں مصروف ہیں۔