بیجنگ: (دنیا نیوز) چین نے خطرناک وبا پر قابو پا کر دنیا کو اس سے لڑنے کا حوصلہ دے دیا، گزشتہ 24 گھنٹوں میں ملک بھر میں ایک بھی ہلاکت سامنے نہیں آئی، دوسرے ممالک سے آنے والے 32 شہریوں میں وائرس کی تشخیص ہوئی ہے۔
چین نے کورونا پر تقریبا قابو پا لیا، گزشتہ 24 گھنٹوں میں وائرس سے کوئی ہلاکت سامنے نہیں آئی۔ نیشنل ہیلتھ کمیشن کےمطابق 32 نئے کیس سامنے آئے ہیں جو سب دوسرے ممالک سے آنےوالے شہری ہیں۔ کل سے چینی شہریوں کو ووہان سے باہر سفر کرنے کی اجازت ہو گی۔
ووہان میں کورونا سے لڑنے والے مزید 1400 ڈاکٹرز اپنے گھروں کو روانہ ہو گئے۔ مختلف شہروں سے آنے والی اس میڈیکل ٹیم نے 72روز ووہان میں کورونا کے مریضوں کے علاج میں گزارے۔
چین کو تشویش ہے کہ بیرون ملک سے آنے والوں سے ملک میں وائرس کی نئی لہر آسکتی ہے۔ چین غیرملکیوں کے لیے اپنی سرحدیں بند کر چکا ہے۔
چینی حکومت کے مطابق کورونا سے 3331 افراد ہلاک اور 81,740 افراد متاثر ہوئے ہیں۔