واشنگٹن: (دنیا نیوز) بھارت نے کلوروکوین اور پیراسٹامول سمیت 14 دواؤں کی برآمد پر پابندی ہٹاتے ہوئے مناسب مقدار میں بیرون ملک بھجوانے کا فیصلہ کیا ہے۔ اس سے پہلے بھارت کے انکار پر امریکہ نے جوابی کارروائی کی دھمکی دی تھی۔
صدر ٹرمپ نے وائٹ ہاوس میں بات کرتے ہوئے بھارت سے کہا تھا کہ اگر کلوروکوین کی سپلائی نہیں کی جاتی تو پھر ان کے خلاف جوابی کارروائی بھی کی جا سکتی ہے۔ امریکی صدرنے بھارت کی جانب سے اس دوا کی برآمد پر پابندی عائد کرنے کے بعد نریندر مودی کو کال کی تھی۔ کلوروکوین ملیریا کے خلاف استعمال کی جانے والی سب سے مؤثر اور قدیم دوا ہے۔ صدر ٹرمپ اس دوا کو پہلے ہی کورونا کے خلاف لڑائی میں گیم چینجر قرار دے چکے ہیں۔
بھارت کی مودی سرکار نے امریکی صدر کی دھمکی کے آگے گھٹنے ٹیکتے ہوئے ادویات کی برآمد پر سے پابندی فوری طور پر ہٹا دی ہے۔ واضح رہے کہ امریکہ میں کورونا سے ہلاکتوں کی تعداد 10 ہزار سے بڑھ چکی ہے جبکہ متاثرین 3 لاکھ سے زائد ہیں۔ ملیریا کے خلاف استعمال ہونے والی دوائیں کورونا کیلئے بھی موثر ثابت ہوئی ہیں جس کے سبب امریکہ نے بھارت سے کلوروکوین بھجوانے کا کہا تھا جس کا مودی سرکار نے پہلے انکار کیا تاہم دھمکی ملنے پر بھارت نے فوری پابندی ہٹانے میں ہی عافیت سمجھی۔